
جموں،31 اکتوبر (ہ س)۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر راشٹریہ ایکتا دیوس کے سلسلے میں ضلع پولیس ڈوڈہ کی جانب سے ’رن فار یونٹی‘ کے عنوان سے منی میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس میں سول انتظامیہ، پولیس، دیگر حفاظتی دستوں، مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور عام شہریوں نے شرکت کی۔میراتھن کا آغاز ڈاک بنگلہ ڈوڈہ سے ہوا اور اسپورٹس اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال اور ایس ایس پی ڈوڈہ کارتک شوریہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے قومی اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔
مردوں کے مقابلے میں لیلا پرساد نے پہلی، جعفر حسین نے دوسری اور مومن ارشاد نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین کے زمرے میں کاشی دیوی پہلی، لائبہ بانو دوسری اور رجنّی دیوی تیسری پوزیشن پر رہیں۔ کامیاب شرکاء کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔اس موقع پر افسران نے قومی یوم اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نظریات کے مطابق ملک کی یکجہتی، سالمیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند سرگرمیوں، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر