
نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س): ملک بھر میں ہفتہ کو مردِ آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یومِ پیدائش منائی گئی۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی سرکردہ رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ملک میں اس دن کو ’قومی اتحاد کے دن ‘ کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سمیت کئی معزز شخصیات نے راشٹرپتی بھون کے گن تنتر منڈپ اور دہلی واقع سردار پٹیل چوک پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کو گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس دوران ملک کی تعمیر اور اتحاد میں ان کے تاریخی تعاون کو یاد کیا گیا۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر معمولی زندگی قومی اتحاد، پختہ عزم اور بے لوث خدمت کی طاقت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یومِ اتحاد کے موقع پر ملک، قوم کی تعمیر میں سردار پٹیل کے عظیم تعاون کو تشکر کے ساتھ یاد کر رہا ہے۔ ان کی وراثت آج بھی اتحاد اور ترقی کی سمت ہندوستان کی رہنمائی کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سردار پٹیل کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم ہندوستان کی تعمیر کے لیے وقف کر دی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مادرِ وطن کی خدمت میں سردار پٹیل کی قربانی اور لگن ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے لیے ایک بڑا ذریعۂ تحریک ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ سردار پٹیل کا خواب صرف آزاد ہندوستان کی تعمیر کرنا نہیں تھا، بلکہ ایک ایسی مضبوط، خود کفیل اور متحد قوم کی بنیاد رکھنا تھا، جہاں تنوع ملک کی طاقت بنے اور قومی اتحاد اس کی پہچان ہو۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل کی یومِ پیدائش پر منایا جانے والا قومی یومِ اتحاد ملک کے اتحاد، سالمیت اور سلامتی کے تئیں ہر شہری کے فرائض کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سردار پٹیل کے اصولوں کو اپنا کر مضبوط، ہم آہنگ اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا تعاون دیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جنگ آزادی میں سردار پٹیل کا تعاون اور آزادی کے بعد سیکڑوں نوابی ریاستوں کا ہندوستان میں انضمام ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل عزم اور ملک کے تئیں لگن کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل کی دور اندیش قیادت، غیر معمولی تنظیمی صلاحیت اور قومی خدمت کا جذبہ آنے والی نسلوں کو ہمیشہ تحریک دیتا رہے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بے مثال جرأت اور دور اندیشی سے نوابی ریاستوں میں منقسم ہندوستان کو ایک لڑی میں پرو کر ایک مضبوط ملک کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل نے آل انڈیا سروسز قائم کرکے ملک کے انتظامی نظام کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ کھیڑا اور بارڈولی ستیہ گرہ کے ذریعے کسانوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد عوامی خدمت اور قیادت کی بے مثال مثال ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل کی قربانی، لگن اور حب الوطنی ہر شہری کو ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کی تعمیر کے لیے تحریک دیتی رہے گی۔
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے سردار پٹیل کو بھارت رتن اور مردِ آہن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے غیر متزلزل عزم اور مضبوط قوتِ ارادی سے جدید ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے سردار پٹیل کے تعاون اور ان کے اصولوں سے آنے والی نسلیں صدیوں تک تحریک حاصل کرتی رہیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل آزاد ہندوستان کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تھے۔ آزادی کے بعد ملک کی سیکڑوں نوابی ریاستوں کے انضمام میں ان کا اہم کردار رہا۔ اسی تعاون کی وجہ سے انہیں ’مردِ آہن‘ اور جدید ہندوستان کے معمار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی یومِ پیدائش پر منایا جانے والا قومی یومِ اتحاد ملک کے اتحاد، سالمیت اور قومی سلامتی کے تئیں عہدبستگی کا پیغام دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد