ایکتا نگر میں 9.49 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ’رین فاریسٹ‘ پروجیکٹ کا وزیر اعظم نے کیا افتتاح
احمد آباد/نرمدا، 31 اکتوبر (ہ س)۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے ضلع نرمدا کے ایکتا نگر میں سیاحوں کے لیے تیار کیے گئے ’رین فاریسٹ‘ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ واگڑیا چیک پوسٹ کے قریب نئے گورا
ایکتا نگر میں 9.49 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ’رین فاریسٹ‘ پروجیکٹ کا وزیر اعظم نے کیا افتتاح


احمد آباد/نرمدا، 31 اکتوبر (ہ س)۔

سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے ضلع نرمدا کے ایکتا نگر میں سیاحوں کے لیے تیار کیے گئے ’رین فاریسٹ‘ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ واگڑیا چیک پوسٹ کے قریب نئے گورا پل کے پاس 9.49 کروڑ روپے کی لاگت سے 47 ہزار مربع میٹر رقبے میں تیار کیے گئے اس منصوبے کو وزیر اعظم نے عوام کے نام وقف کیا۔

افتتاح کے بعد وزیر اعظم نے پورے احاطے کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے منصوبے کی اہم کشش، 220 میٹر طویل گلاس ڈیک اسکائی واک پل سے گزرتے ہوئے رین فاریسٹ کا نظارہ کیا۔ انہوں نے یہاں لگائے گئے مختلف پودوں اور درختوں کے بارے میں نرمدا کارپوریشن کے چیئرمین مکیش پوری اور اسٹیچو آف یونٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امیت اروڑہ سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

ایکتا نگر میں تیار کیا گیا یہ رین فاریسٹ پروجیکٹ قدرتی حسن، حیاتیاتی تنوع اور پائیدار سیاحت کا ایک منفرد امتزاج ہے۔ یہاں ہندوستان کے مغربی گھاٹ، ہمالیہ اور انڈمان و نکوبار جزائر کے بارانی جنگلات میں پائی جانے والی مختلف سدا بہار نباتات کی انواع لگائی گئی ہیں۔ اس کے ذریعے سیاحوں کو جنگلاتی ماحولیاتی نظام، حیاتیاتی تنوع، جنگلات کے تحفظ اور مقامی نباتات کی اہمیت کو جاننے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔

اس منصوبے میں فطرت کے قریب رہنے اور تفریح کے لیے کئی پرکشش مقامات تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں تقریباً 220 میٹر طویل گلاس ڈیک اسکائی واک پل نمایاں ہے۔ اس پر چلتے ہوئے سیاح رین فاریسٹ کے قدرتی حسن کا ایک منفرد انداز میں مشاہدہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ 5 سے 8 میٹر اونچا آبشار، گول تالاب اور اسے ملانے والے پل بھی اس احاطے کی خوب صورتی میں اضافہ کریں گے۔

قدرتی پتھروں سے بنایا گیا 20 فٹ اونچا اور 40 فٹ چوڑا داخلی دروازہ بھی توجہ کا مرکز ہوگا۔ نرمدا کے پتھروں اور اینٹ و چونے سے تیار کردہ واکنگ ٹریلز، درختوں کی قطاریں اور رین فاریسٹ کی مختلف تہوں کو ظاہر کرنے والا موضوعاتی لینڈ اسکیپ سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرے گا۔

یہ منصوبہ ایکتا نگر کو ماحول دوست سیاحت اور قدرتی ماحول کے مطالعے کے ایک منفرد مرکز کے طور پر ترقی دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار سیاحت کو بھی فروغ دے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande