کھونٹی میں ’رن فار یونٹی‘ میراتھن: ڈی سی اور ایس پی نے بھی دوڑ لگائی
کھونٹی، 31 اکتوبر (ہ س): سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش اور قومی یومِ اتحاد کے موقع پر ہفتہ کو کھونٹی میں ’رن فار یونٹی میراتھن‘ کا انعقاد کیا گیا۔ برسا منڈا فٹ بال اسٹیڈیم سے شروع ہونے والی اس میراتھن میں ضلع کے بڑی تعداد میں لوگوں نے جوش و خ
کھونٹی میں ’رن فار یونٹی‘ میراتھن: ڈی سی اور ایس پی نے بھی دوڑ لگائی


کھونٹی، 31 اکتوبر (ہ س): سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش اور قومی یومِ اتحاد کے موقع پر ہفتہ کو کھونٹی میں ’رن فار یونٹی میراتھن‘ کا انعقاد کیا گیا۔ برسا منڈا فٹ بال اسٹیڈیم سے شروع ہونے والی اس میراتھن میں ضلع کے بڑی تعداد میں لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس پروگرام کے ذریعے اتحاد، باہمی ہم آہنگی، نظم و ضبط اور صحت مند طرزِ زندگی کا پیغام دیا گیا۔

میراتھن کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد جاوید حسین اور پولیس سپرنٹنڈنٹ رشبھ گرگ نے ہری جھنڈی دکھا کر کیا۔ اس دوران مردوں کے لیے 5 کلومیٹر اور خواتین و بچوں کے لیے 2.5 کلومیٹر کی دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ خاص بات یہ رہی کہ ڈپٹی کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر اور دیگر انتظامی افسران نے بھی خود دوڑ میں حصہ لے کر شرکاء کا حوصلہ بڑھایا۔

مقابلے کے مردوں کے 5 کلومیٹر دوڑ میں امن شماد نے پہلی، موہن ہورو نے دوسری اور ترون کچّھپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وہیں، خواتین کی 2.5 کلومیٹر دوڑ میں سنگیتا مرانڈی نے پہلی، مریم بھینگرا نے دوسری اور پیرونیکا سورین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تمام فاتح شرکاء کو اسٹیج پر ٹرافی اور انعامات دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد جاوید حسین نے کہا کہ کھیل اور جسمانی سرگرمیوں کو ہر شخص کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کرنا چاہیے۔ رن فار یونٹی کا مقصد صرف مقابلے کا انعقاد کرنا نہیں، بلکہ لوگوں کو باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی کے تئیں بیدار کرنا بھی ہے۔

انہوں نے نشے کے مضر اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نشہ نہ صرف فرد بلکہ پورے خاندان کو متاثر کرتا ہے۔ معاشرے کو نشہ سے پاک بنانے کے لیے ہر شخص کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خود نشے سے دور رہیں اور اپنے اہل خانہ اور آس پاس کے لوگوں کو بھی اس کے تئیں بیدار کریں۔

اس موقع پر پولیس سپرنٹنڈنٹ رشبھ گرگ نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرے میں اتحاد، نظم و ضبط اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی نوجوانوں کو کھیلوں کے تئیں حوصلہ افزائی کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھونٹی ضلع میں کھیلوں کے میدان میں بے پناہ امکانات ہیں اور یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں مناسب مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں۔

پروگرام کے اختتام پر موجود افسران، شرکاء اور شہریوں کو ’سے نو ٹو ڈرگس‘ کے تحت نشہ سے پاک معاشرے کی تشکیل کا حلف دلایا گیا۔ سبھی نے نشے سے دور رہنے اور معاشرے کو نشہ سے پاک بنانے میں سرگرم حصہ داری نبھانے کا عزم کیا۔ اس پروگرام میں ضلع انتظامیہ کے مختلف افسران اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande