

نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ اڈیشہ کے جھارمنڈا میں واقع اڈیشہ آدرش ودیالیہ کی طالبہ سومیا شری تھاناپتی نے دہلی میں منعقد دو روزہ نیشنل سائنس سیمینار 2026 کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ دہلی میں واقع نیشنل سائنس سینٹر میں منعقد قومی سطح کے اس مقابلے میں ملک کی 34 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ فاتح سومیا شری کو ٹرافی، توصیفی سند اور 48,000 روپے کا اسکالرشپ پیش کیا گیا۔
پروگرام کے پہلے دن جمعہ کو، اس سال سیمینار کا موضوع ’انڈین انرجی باسکٹ 2047: سمبھاونائیں اور چنوتیاں‘ (انڈین انرجی باسکٹ 2047: امکانات اور چیلنجز) تھا۔ اس میں طلبہ نے ہندوستان کی مستقبل کی توانائی کی ضروریات، توانائی کے متبادل ذرائع، تکنیکی اختراع اور پائیدار توانائی کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر اپنے خیالات پیش کیے۔ نیشنل سائنس سیمینار کا انعقاد سال 1982 سے ہر سال حکومت ہند کی وزارت ثقافت کے تحت نیشنل کونسل آف سائنس میوزیمز (این سی ایس ایم) کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد اسکول کے طلبہ میں سائنسی نقطۂ نظر، تنقیدی سوچ اور مؤثر مواصلاتی مہارت کو فروغ دینا ہے۔
مقابلے میں سومیا شری تھاناپتی نے پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ نو دیگر طلبہ کو رنر اپ قرار دیا گیا۔ سبھی رنر اپ طلبہ کو ٹرافی، توصیفی سند اور 24,000 روپے کا اسکالرشپ دیا گیا۔ اس طرح مقابلے میں مجموعی طور پر 2.64 لاکھ روپے کے وظائف تقسیم کیے گئے۔
اس کے علاوہ دادرا اور نگر حویلی نیز دمن اور دیو سے دبیانشی پریدا، مہاراشٹر سے شروری شریدھر بائیت، بہار سے سمیر کمار، مغربی بنگال سے رشن گپتا، تریپورہ سے شرابسّتی بھٹاچارجی، چندی گڑھ سے نوسیرت کور، گجرات سے سورا پریش پٹیل، اروناچل پردیش سے روبو ڈینیل نیز ہریانہ سے اکشت کمار مشرا رنر اپ رہے۔
فاتحین اور رنر اپ طلبہ کا انتخاب مختلف تعلیمی اور سائنسی اداروں سے وابستہ ماہرین کے پینل نے کیا۔ اس میں ڈاکٹر سمنت بورٹھاکور، ڈاکٹر سشما ایم گری پنجے، ڈاکٹر مانس پرتم داس، پروفیسر پرمود کمار اور پروفیسر انل کمار شامل تھے۔ پینل کے ارکان نے طلبہ کے موضوع پر عبور، پیشکش، سائنسی فہم اور افکار کی بنیاد پر ان کی کارکردگی کا تخمینہ لگایا۔
سیمینار کا افتتاح شمع روشن کر کے کیا گیا۔ پیٹرولیم اینڈ نیچرل گیس ریگولیٹری بورڈ (پی این جی آر بی) کے چیئرمین ڈاکٹر انل کمار جین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ وہیں، نیتی آیوگ کے توانائی کے مشیر راج ناتھ رام بطور مہمانِ اعزازی موجود رہے۔ این سی ایس ایم کے ڈائریکٹر جنرل کے ایس مرلی نے کہا کہ قومی سائنس سیمینار گزشتہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے طلبہ میں سائنسی تجسس، تنقیدی سوچ اور باہمی مکالمے کی صلاحیت کو فروغ دے رہا ہے۔ اس سال کا موضوع نوجوانوں کو توانائی کے تحفظ، تکنیکی اختراع اور پائیدار ترقی کی اہمیت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
نیشنل سائنس سینٹر، دہلی کے ڈائریکٹر وجے شنکر شرما نے کہا کہ یہ تقریب ملک بھر کے باصلاحیت طلبہ کو قومی اہمیت کے مسائل پر اپنے خیالات کا اشتراک کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ اس سے طلبہ کو قابل تجدید توانائی، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کے تئیں سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
پروگرام کی اختتامی تقریب 30 اکتوبر کو منعقد کی گئی۔ اس میں نئی دہلی میں واقع انٹر یونیورسٹی ایکسلریٹر سینٹر (آئی یو اے سی) کے ڈائریکٹر پروفیسر اوناش چندر پانڈے نے بحیثیت مہمانِ خصوصی اور ٹیری میں بجلی اور قابل تجدید توانائی کے شعبے کے سینئر ڈائریکٹر اجے کمار سکسینہ نے بحیثیت مہمانِ اعزازی شرکت کی۔
پروگرام کا اختتام نیشنل سائنس سینٹر، دہلی کے پرنسپل کیوریٹر معین الدین انصاری کے اظہار تشکر کے ساتھ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن