دہلی: منگول پوری کی جوتا فیکٹری میں آگ لگنے سے 4 مزدوروں کی موت، دو سنگین زخمی
نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س)۔ دارالحکومت دہلی کے منگول پوری انڈسٹریل ایریا میں جمعہ کی رات ایک جوتا مینوفیکچرنگ فیکٹری میں خوفناک آگ لگنے سے بڑا حادثہ پیش آیا۔ اس دردناک حادثہ میں چار مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج ک
آگ کی علامتی تصویر


نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س)۔ دارالحکومت دہلی کے منگول پوری انڈسٹریل ایریا میں جمعہ کی رات ایک جوتا مینوفیکچرنگ فیکٹری میں خوفناک آگ لگنے سے بڑا حادثہ پیش آیا۔ اس دردناک حادثہ میں چار مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سنجے گاندھی میموریل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، بیسمنٹ میں لگی آگ کے بعد پوری عمارت میں دھواں پھیل گیا، جس کی زد میں آنے سے کئی مزدور بے ہوش ہو گئے۔

معلومات کے مطابق، منگول پوری انڈسٹریل ایریا فیز-1 میں واقع جوتا فیکٹری میں جمعہ کی رات تقریباً 9 بج کر 32 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی دہلی فائر سروس اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ بجھانے اور لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے فائر بریگیڈ کی تقریباً 20 گاڑیاں تعینات کی گئیں۔

فائر بریگیڈ کے افسران کے مطابق، آگ سب سے پہلے فیکٹری کے بیسمنٹ میں لگی تھی۔ اس کے بعد بھاری مقدار میں دھواں اوپر کی منزلوں تک پھیل گیا۔ دھوئیں کے باعث فیکٹری کے اندر موجود مزدوروں کو باہر نکلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ راحت و بچاؤ مہم کے دوران فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے فیکٹری کے اندر سے چھ لوگوں کو بے ہوشی کی حالت میں باہر نکالا۔ سبھی کو فوری طور پر سنجے گاندھی میموریل اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے چار لوگوں کو مردہ قرار دے دیا۔ دو دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ایک شخص تیسری منزل کی سیڑھیوں کے قریب ملا، جبکہ پانچ دیگر افراد کو چوتھی منزل سے باہر نکالا گیا۔ شدید دھوئیں کے باعث بچاؤ مہم میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

افسران کے مطابق، فیکٹری کو جوتا سازی اور اسٹوریج یونٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ بیسمنٹ میں لگی آگ پر فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے کافی مشقت کے بعد قابو پا لیا۔ تاہم، آگ سے نکلنے والا دھواں عمارت کی اوپری منزلوں تک پھیل گیا، جس کی زد میں مزدور آ گئے۔ فائر بریگیڈ کے ڈپارٹمنٹ نے آگ پر قابو پانے کے بعد عمارت میں تلاشی مہم چلائی۔ ساتھ ہی کولنگ کا کام بھی کیا گیا، تاکہ دوبارہ آگ لگنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔

آؤٹر ضلع کے ڈی سی پی نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے فیکٹری مالک کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹھیکیدار اور فیکٹری ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ حادثے کے وقت فیکٹری میں کل کتنے مزدور موجود تھے اور وہاں فائر سیفٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے تھے یا نہیں۔ فی الحال، آگ لگنے کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ شارٹ سرکٹ، فائر سیفٹی کے معیارات میں ممکنہ لاپرواہی اور دیگر وجوہات کو ذہن میں رکھ کر جانچ کر رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande