بانکوڑہ میں ٹرین کی زد میں آنے سے ڈی آئی بی انسپکٹر کی موت، پولیس نے تفتیش شروع کی
کولکاتا، 31 اکتوبر (ہ س): مغربی بنگال کے بانکوڑہ ضلع میں ریاستی پولیس کے خفیہ محکمہ (ڈی آئی بی) کے ایک انسپکٹر کی ٹرین کی زد میں آنے سے موت ہوگئی۔ متوفی کی شناخت جینت پال (41) کے طور پر ہوئی ہے۔ جمعہ کی دیر شام بانکوڑہ شہر کے کیٹھارڈانگا ریلوے پھاٹ
मृतक जयंत पाल फाइल चित्र


کولکاتا، 31 اکتوبر (ہ س): مغربی بنگال کے بانکوڑہ ضلع میں ریاستی پولیس کے خفیہ محکمہ (ڈی آئی بی) کے ایک انسپکٹر کی ٹرین کی زد میں آنے سے موت ہوگئی۔ متوفی کی شناخت جینت پال (41) کے طور پر ہوئی ہے۔ جمعہ کی دیر شام بانکوڑہ شہر کے کیٹھارڈانگا ریلوے پھاٹک کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کی لاش آرنیک ایکسپریس ٹرین کے راستے کے قریب سے برآمد ہوئی۔ اس واقعے کو لے کر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پولیس حادثہ، خودکشی سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، جینت پال بانکوڑہ پولیس لائن میں ضلع خفیہ محکمہ کے انسپکٹر کے عہدے پر تعینات تھے۔ تقریباً ایک ماہ قبل ہی ان کا تبادلہ بانکوڑہ ضلع میں ہوا تھا۔ تاہم، واقعے کے وقت وہ چھٹی پر تھے۔ اس سے قبل وہ ہگلی ضلع کے چندیتلا اور سنگور سمیت کئی اہم تھانوں کے انچارج کی ذمہ داری سنبھال چکے تھے۔ ان کا آبائی گھر آسنسول نارتھ تھانہ علاقے میں ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش برآمد کرکے دیر رات پوسٹ مارٹم کے لیے بانکوڑہ سملنی میڈیکل کالج و اسپتال بھیج دی۔ اس سلسلے میں غیر فطری موت کا معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے ان کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے۔ تفتیشی افسران ان کے ساتھیوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اہل خانہ کے بیانات بھی درج کیے جائیں گے۔

بانکوڑہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پی وی جی ستیش نے بتایا کہ جینت پال تقریباً ایک ماہ قبل ضلع میں آئے تھے اور فی الحال چھٹی پر تھے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ حالیہ دنوں میں ان کے رویے یا حالات میں کوئی تبدیلی آئی تھی یا کسی کے ساتھ ان کا کوئی تنازعہ تھا۔ تاہم، اب تک ان کی موت کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ہگلی ضلع کے چندیتلا تھانے میں تعیناتی کے دوران فائرنگ کے ایک واقعے اور ذاتی تنازعے کے سلسلے میں جینت پال کو ریاستی پولیس کی جانب سے عارضی طور پر معطل بھی کیا گیا تھا۔ فی الحال جی آر پی اور مقامی پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande