
بھاگلپور،30اکتوبر(ہ س)۔ شہر کے بھیکھن پور 12 نمبر گمٹی پر جمعہ کی صبح سات بجے سے زبردست ٹریفک جام لگ گیا، جس کے باعث آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔ صبح کے مصروف اوقات میں جام کی وجہ سے اسکول، کالج اور دفاتر جانے والے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
جام کی اہم وجہ بھولاناتھ پل کے نیچے پانی جمع ہونا اور اووربرج کی تعمیر کا کام بتایا جارہا ہے۔ آبی جماؤ کے باعث اس راستے سے گاڑیوں کی آمدورفت مشکل ہوگئی ہے، جبکہ تعمیراتی کام نے بھی ٹریفک نظام کو متاثر کردیا ہے۔ نتیجتاً چھوٹی بڑی گاڑیوں کو متبادل راستے کے طور پر 12 نمبر گمٹی کی طرف موڑ دیا گیا، جہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
اس جام سے ، لالوچوک، لودی پور، بسنت پور، گوریا ہاٹ، میرجان اور سکندر پور سمیت شہر کے جنوبی علاقوں سے آنے جانے والے ہزاروں لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گاڑیاں گھنٹوں جام میں پھنسی رہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھولاناتھ پل کے نیچے آبی جماؤ کا مسئلہ کافی عرصے سے برقرار ہے، لیکن اب تک اس کا مستقل حل نہیں نکالا جاسکا ہے۔ شہریوں نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سے فوری طور پر پانی کی نکاسی کا انتظام کرنے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے اضافی ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan