بالیندر شاہ کے دورہ ہند کا ایجنڈا طے کرنے 4 اور 5 نومبر کو نیپال آئیں گے ہندوستانی خارجہ سکریٹری وکرم مسری
کاٹھمنڈو، 30 اکتوبر(ہ س)۔ نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے مجوزہ پہلے دورہ ہند کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری 4 اور 5 نومبر کو دو روزہ دورے پر نیپال پہنچیں گے۔ ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد وزیر اعظم
بالیندر شاہ کے دورہ ہند کا ایجنڈا طے کرنے 4 اور 5 نومبر کو نیپال آئیں گے ہندوستانی خارجہ سکریٹری وکرم مسری


کاٹھمنڈو، 30 اکتوبر(ہ س)۔

نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے مجوزہ پہلے دورہ ہند کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری 4 اور 5 نومبر کو دو روزہ دورے پر نیپال پہنچیں گے۔ ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد وزیر اعظم بالیندر شاہ کے مجوزہ دورہ ہندوستان کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینا اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر اتفاق رائے قائم کرنا ہے۔وزیر اعظم بالیندر شاہ کا دورہ ہندوستان 23 اور 24 نومبر کو مجوزہ ہے، تاہم اس سفر کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ سمجھا جا رہا ہے کہ خارجہ سکریٹری وکرم مسری کے دورہ نیپال کے دوران اس سفر کی تفصیلات، ایجنڈے اور ممکنہ معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس دوران وزیر اعظم شاہ کے دورے کے اہم پروگراموں اور دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور ان پر عمل درآمد میں تیزی لانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

کاٹھمنڈو میں خارجہ سکریٹری وکرم مسری کی وزیر اعظم بالیندر شاہ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وہ وزیر خارجہ ششیر کھنال، وزیر برائے طبعی بنیادی ڈھانچہ سنیل لمسال اور وزیر توانائی وراج بھکت شریشٹھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیر اعظم بالیندر شاہ کے دورہ ہندوستان کے دوران جنک پور دھام سے ایودھیا دھام تک ٹرین سروس کے افتتاح کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اسے دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی سیاحت، ثقافتی تعلقات اور عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم کے دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں چند روز قبل ہندوستانی وزارت خارجہ کے نیپال ڈیسک کے انچارج ایڈیشنل سکریٹری منو مہاور بھی کاٹھمنڈو کا دورہ کر چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے وزیر اعظم کی ٹیم کے علاوہ وزیر خارجہ ششیر کھنال سے بھی ملاقات کی تھی۔

دریں اثنا، نیپال میں ہندوستان کے نو مقرر سفیر سدھاکر دلیلا 3 نومبر کو کاٹھمنڈو پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نئے سفیر کی آمد اور اس کے اگلے ہی روز ہندوستانی خارجہ سکریٹری کے دورے کو وزیر اعظم شاہ کے مجوزہ دورہ ہندوستان کی تیاریوں کے لحاظ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande