نوکری دلانے کے نام پر دس لاکھ روپے لینے کے الزام میں ترنمول لیڈر گرفتار
جھاڑگرام، 30 اکتوبر (ہ س)۔ جھاڑگرام میں ترنمول لیڈر اجیت مہتو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ جمعرات کی دیر رات تقریباً دو بجے پولیس نے انہیں ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ ان پر محکمہ جنگلات میں نوکری دلانے کا بھروسہ دے کر تقریباً دس لاکھ روپے لینے کا الز
گرفتاری کی علامتی تصویر


جھاڑگرام، 30 اکتوبر (ہ س)۔ جھاڑگرام میں ترنمول لیڈر اجیت مہتو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ جمعرات کی دیر رات تقریباً دو بجے پولیس نے انہیں ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ ان پر محکمہ جنگلات میں نوکری دلانے کا بھروسہ دے کر تقریباً دس لاکھ روپے لینے کا الزام ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، جھاڑگرام کے باچھرڈوبا کے رہائشی سجل داس نے اجیت مہتو کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ اجیت نے سال 2024 سے 2026 کے درمیان چار قسطوں میں ان سے تقریباً 10 لاکھ روپے لیے تھے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات میں نوکری دلانے کا بھروسہ دیا تھا، لیکن نوکری نہیں دلا سکے۔ الزام ہے کہ روپے واپس مانگنے پر انہیں دھمکی بھی دی گئی۔ پولیس جمعہ کے روز اجیت مہتو کو جھاڑگرام عدالت میں پیش کرے گی۔ پولیس معاملے کی جانچ کے لیے انہیں اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کر سکتی ہے۔

اجیت مہتو نے 2026 کے اسمبلی انتخابات میں گوپی بلبھ پور سیٹ سے ترنمول کانگریس کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا۔ تاہم، انہیں بی جے پی امیدوار راجیش مہتو کے ہاتھوں 26 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اسمبلی انتخابات کے بعد ترنمول کانگریس میں ممتا اور رِت برت دھڑے کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے۔ ضلع کے سیاسی حلقوں کے مطابق، اجیت مہتو ممتا بنرجی کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔

ادھر، اجیت کے خاندان نے پولیس کی کارروائی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ خاندان کا الزام ہے کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔ لواحقین کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے آدھی رات کو لوہے کی راڈ سے گھر کا دروازہ توڑ کر اجیت کو گرفتار کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande