نوئیڈا میں 42ویں منزل سے چھلانگ لگا کر نوجوان نے خودکشی کی
نوئیڈا، 3 اکتوبر (ہ س)۔ نوئیڈا کے تھانہ سیکٹر 126 کے علاقے میں سیکٹر 94 واقع اسپائرا سوسائٹی میں رہنے والے 27 سالہ نوجوان نے ہفتہ کی دوپہر ذہنی دباؤ کے باعث 42ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان جس فلیٹ میں ٹھہرا تھا، ا
نوئیڈا میں 42ویں منزل سے چھلانگ لگا کر نوجوان نے خودکشی کی


نوئیڈا، 3 اکتوبر (ہ س)۔ نوئیڈا کے تھانہ سیکٹر 126 کے علاقے میں سیکٹر 94 واقع اسپائرا سوسائٹی میں رہنے والے 27 سالہ نوجوان نے ہفتہ کی دوپہر ذہنی دباؤ کے باعث 42ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان جس فلیٹ میں ٹھہرا تھا، اسے ایئر بی این بی کے ذریعے آن لائن بک کیا گیا تھا اور وہ ایک دن کے لیے وہاں قیام کے لیے آیا تھا۔

تھانہ سیکٹر 126 کے انچارج سوم نیش کمار سنگھ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت سمبھو جین ولد ونے کمار جین، ساکن مانسر، سیکٹر ایک کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان نے ایئر بی این بی کے ذریعے فلیٹ میں کمرہ بک کرایا تھا اور یہاں قیام کے دوران 42ویں منزل پر واقع فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایف ایل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پولیس آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی دیکھ رہی ہے اور مقامی لوگوں سے واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ تھانہ انچارج کے مطابق آس پاس کے لوگوں سے پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ نوجوان ذہنی دباؤ میں تھا۔

پولیس نے متوفی کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ نوجوان نے خودکشی سے قبل ایک ویڈیو بنا کر اپنے والدین کو بھیجی تھی۔ ویڈیو میں اس نے بتایا کہ اس نے کئی لوگوں سے قرض لے رکھا تھا اور قرض کے بوجھ کی وجہ سے پریشان تھا۔ اس نے والدین سے کہا کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ اس نے اپنی غلطی کے لیے معافی بھی مانگی اور اپنی خودکشی کے لیے کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا۔

پولیس کے مطابق متوفی تین دن سے اپنے گھر نہیں گیا تھا۔ وہ گزشتہ دو دن سے گڑگاؤں کے کسی ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا اور جمعہ کو نوئیڈا آیا تھا۔ پولیس کے مطابق اسے چھلانگ لگاتے ہوئے ایئر کنڈیشنر کی مرمت کا کام کرنے والے ایک مکینک نے دیکھا تھا۔ مکینک نے اسے روکنے کی کوشش کی، لیکن اس سے پہلے کہ وہ کچھ کر پاتا، نوجوان نے نیچے چھلانگ لگا دی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande