
ماسکو، 3 اکتوبر (ہ س/ریا نووستی): روس نے بھارت سے ضبط کیے گئے ٹینکر پر موجود روسی عملے کے ارکان کی رہائی کی اپیل کی ہے۔ 23 ملاحوں پر مشتمل یہ جہاز رواں سال مئی سے پارادیپ بندرگاہ کے قریب کھڑا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ہفتہ کو روسی خبر رساں ایجنسی ریا نووستی کو بتایا کہ روسی سفارتی مشن بھارتی حکام سے ضبط کیے گئے جہاز پر موجود روسی عملے کی رہائی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، اس وقت نئی دہلی میں روسی سفارتخانہ اور کولکاتا میں روسی قونصل خانہ متعلقہ اداروں اور بھارت کے مرکزی و علاقائی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ وہ ان سے اپیل کر رہے ہیں کہ عملے سے متعلق اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
کیمرون کے پرچم والے اس ٹینکر کو مئی میں بھارت کے ساحل پر ضبط کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی جہاز کے مالک کی جانب سے مقامی ایندھن فراہم کرنے والے کے واجبات ادا نہ کرنے سے متعلق ایک کاروباری تنازعہ کے باعث کی گئی تھی۔ اس کے بعد سے 23 ملاحوں والا یہ جہاز پارادیپ بندرگاہ کے قریب کھڑا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد