
نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س): دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ہفتہ کو اوکھلا لینڈ فل سائٹ کا دورہ کرکے فضلے کو تلف کرنے سے متعلق پیش رفت اور افسران کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کو کچرے کے پہاڑوں سے مکمل طور پر نجات دلانی ہے۔ اس کے لیے پوری ٹیم مشن موڈ میں دن رات کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ جنوری 2025 سے پہلے جمع تقریباً تمام پرانے کچرے (لیگیسی ویسٹ) کو پروسیس کیا جا چکا ہے۔ یہاں اب جو کچرا جمع ہے، وہ جنوری 2025 کے بعد کا کچرا ہے اور اسے بھی 24 گھنٹے پروسیس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت دو محاذوں پر کام کر رہی ہے۔ پہلا، سابقہ حکومتوں سے ورثے میں ملے پرانے کچرے کو ختم کرنا اور دوسرا، یہ یقینی بنانا کہ روزانہ آنے والے 3,000 سے 4,000 میٹرک ٹن تازہ کچرے کو فوری طور پر پروسیس کیا جائے۔ اسی لیے آج یہاں کچرے کو پروسیس کرنے والی ایک اور یونٹ شروع کی جا رہی ہے۔ اس سے تازہ کچرے اور تعمیرات و انہدام سے نکلنے والے کچرے، دونوں کی پروسیسنگ یقینی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے کچرے کے نئے پہاڑ نہیں بننے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آلودگی کم کرنے کے لیے ہر محاذ پر کام کر رہی ہے، چاہے وہ کچرے کے پہاڑوں کا مسئلہ ہو، یمنا کی صفائی ہو یا سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہو۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد