
نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س):۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت ہفتہ کو اوکھلا، غازی پور اور سنگھولا میں نئے کچرا پروسیسنگ پلانٹس اور غازی پور میں بایو گیس پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آج کوٹلہ مبارک پور میں واقع ماں اور بچوں کی بہبود کے مرکز اور آیورویدک پولی ٹیکنک کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ رام ویر سنگھ بدھوری، دہلی کے وزیر تعلیم آشیش سود، میئر پرویش واہی سمیت دیگر افراد موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اوکھلا، بھلسوا اور غازی پور میں اب تک 217.17 لاکھ میٹرک ٹن کچرے کو ٹھکانے لگا کر 100 ایکڑ زمین کو آزاد کرایا جا چکا ہے۔ نئے پلانٹس اس رفتار کو مزید بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں آج کچرے کے پہاڑ نظر آتے ہیں، وہاں صاف زمین اور ہریالی دکھائی دے اور آس پاس رہنے والے خاندان راحت کی سانس لیں، یہی حکومت کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں کچرے کے یہ پہاڑ ختم کیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ