
جموں, 29 اکتوبر (ہ س): ضلع راجوری کے کوٹرنکہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پتہ لگا کر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق راشٹریہ رائفلز نے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بالائی علاقے ڈوبا گلی کے جنگلات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران اس ٹھکانے کو بے نقاب کیا۔
کارروائی کے دوران چار یو بی جی ایل راؤنڈز، تین ہینڈ گرینیڈ، اے کے رائفل کے 237 کارتوس، جنرل پرپز مشین گن کے 101 بیلٹڈ کارتوس اور پستول کے 16 کارتوس برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ اے کے رائفل کی ایک سنگین، ایک بیگ اور ایک چادر بھی ضبط کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، جبکہ علاقے میں تلاشی مہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر