
پٹنہ، 29 اکتوبر(ہ س)۔ بہار قانون ساز کونسل کے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد پٹنہ گریجویٹ حلقے سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے کامیاب امیدوار نیرج کمار نے پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے جھا سے ملاقات کی۔ سنجے جھا نے انہیں جیت کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیرج کمار نے مرکزی وزیر للن سنگھ سے ملاقات اور ان سے آشیرواد لینے کے سوال پر صاف انکار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اننت سنگھ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تک نیرج کمار زندہ ہیں، دولت اور باہوبلی کے دم پر سیاست نہیں چلنے دیں گے۔
للن سنگھ سے ملاقات کے سوال پر نیرج کمار نے کہا کہ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آخر میرا قصور کیا تھا کہ مجھے اتنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا؟ جنہیں مبارک باد دینی ہے، وہ دے رہے ہیں۔ پارٹی کے اصولوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری سب کو کرنی چاہیے۔ ان کے اس بیان سے واضح ہوگیا کہ وہ اپنی جیت کے بعد للن سنگھ سے آشیرواد لینے نہیں جائیں گے۔
نیرج کمار نے کہا کہ حق اور باطل کی لڑائی میں پارٹی اور این ڈی اے مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہے۔ اننت سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں، دولت اور باہوبلی کے زور پر سیاست نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اننت سنگھ کی طرف سے ان کی ضمانت ضبط کرانے کی بات کی جا رہی تھی، لیکن نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اننت سنگھ سے مبارک باد لینے کے لیے پیدا نہیں ہوئے ہیں۔
سنجے جھا کی تعریف کرتے ہوئے نیرج کمار نے کہا کہ امیدوار بننے کے بعد سے ایسا ایک بھی دن نہیں گزرا جب سنجے جھا نے ان سے انتخابی صورت حال کے بارے میں معلومات نہ دریافت کی ہو۔ وہ مسلسل ان کے اعتماد اور انتخابی تیاریوں کے بارے میں پوچھتے رہے۔ نیرج کمار نے اس جیت میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نشانت کمار کے تعاون کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پارٹی کارکنوں کی محنت اور حمایت کی بدولت وہ اپنی انتخابی مہم کو کامیابی تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan