
نئی دہلی، 29 اکتوبر (ہ س):۔
مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر تعاون ا مت شاہ نے قومی کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این سی ڈی سی) کے لیے آئندہ 25 برسوں کا جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے جمعرات کو کہا کہ کوآپریٹو شعبے کا انتظام پیشہ ورانہ انداز میں ہونا چاہیے، جبکہ اس کی سوچ تعاون کے بنیادی اصولوں پر مبنی رہنی چاہیے۔
امت شاہ نے یہاں این سی ڈی سی کی 93ویں جنرل کونسل کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کے ڈھانچے، مالی وسائل جمع کرنے، کام کاج میں بہتری اور مستقبل میں کاروباری امکانات کا جائزہ لینے کے لیے کوآپریٹو شعبے کے تجربہ کار نمائندوں اور پیشہ ور ماہرین پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ”تعاون سے خوش حالی“ کے وژن کے مطابق کوآپریٹو شعبے کو ترقی کا ایسا مضبوط ذریعہ بنانا ہے، جس کے فوائد سماج کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔
وزارتِ تعاون کے قیام کے بعد سے 25 اکتوبر تک این سی ڈی سی نے ملک بھر کی کوآپریٹو تنظیموں کو مجموعی طور پر 4.14 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران کارپوریشن نے 1,27,596 کروڑ روپے کی امداد تقسیم کی، جبکہ اس کا خالص منافع 1,475 کروڑ روپے رہا۔ کارپوریشن کی قرض وصولی کی شرح 99.84 فیصد رہی اور اس کی خالص غیر فعال اثاثوں (این پی اے) کی شرح صفر درج کی گئی۔
امت شاہ نے گزشتہ تقریباً پانچ برسوں کے دوران این سی ڈی سی کی پیش رفت کی ستائش کرتے ہوئے اس مدت کو کارپوریشن کے لیے ایک طرح کا ”سنہری دور“ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن نے ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اپنی موجودگی قائم کی ہے۔ لداخ اور شمال مشرق کی چھوٹی ریاستوں جیسے دور دراز علاقوں میں دفاتر کا دائرہ وسیع کرنا، کوآپریٹو تحریک کو ملک کے آخری سرے تک پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
میٹنگ میں مالی سال 2025-26 کے دوران این سی ڈی سی کی مالی کارکردگی، سالانہ حساب اور رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ کارپوریشن نے اس مدت میں 1,55,408 کروڑ روپے کے منصوبوں کو منظوری دی تھی۔ ان منصوبوں سے 14,881 کوآپریٹو کمیٹیوں کو فائدہ پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔ مالی سال 2020-21 میں کارپوریشن کی سالانہ مالی امداد کی تقسیم 24,733 کروڑ روپے تھی، جو 2025-26 میں بڑھ کر 1,27,596 کروڑ روپے ہوگئی۔
امت شاہ نے مالی کارکردگی اور ادارہ جاتی توسیع کے لیے این سی ڈی سی کے افسران، جنرل کونسل کے اراکین اور ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کارپوریشن اپنی مالی صلاحیت اور پیشہ ورانہ طریقہ کار کو مزید مضبوط بنا کر دیہی خوش حالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی خود کفالت کے ذریعے ”تعاون سے خوش حالی“ کے ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ