
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نتن نوین نے ووٹر لسٹ کی جامعنظرثانی (ایس آئی آر) کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ جمہوریت کا بہی کھاتہ ہے۔ جس طرح تاجر دیوالی کے موقع پر نیا کھاتہ شروع کرتے ہیں اور اس کی درستگی کو اہمیت دیتے ہیں، اسی طرح جمہوریت میں ووٹر لسٹ کا صاف اور درست ہونا ضروری ہے۔
بدھ کے روز چاندنی چوک کے گوری شنکر مندر سے ٹاؤن ہال تک ”جمہوریت بچاؤ، انتشار ہٹاؤ“ پد یاترا سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نتن نوین نے کہا کہ 8 نومبر کو دیوالی ہے۔ اس موقع پر تاجر برادری نیا کھاتہ شروع کرتی ہے۔ جمہوریت کا کھاتہ ووٹر لسٹ ہے۔ جب اس فہرست کو صاف اور درست کرنے کا کام کیا جاتا ہے تو کانگریس بے چین ہونے لگتی ہے۔
نتن نوین نے واضح طور پر کہا کہ جمہوریت کا یہ کھاتہ پوری طرح درست کیا جائے گا۔ اہل شہریوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جائیں گے اور دراندازوں کے نام ہٹائے جائیں گے۔
کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے نتن نوین نے کہا کہ کانگریس کے نام نہاد رہنما ایک خاندان کے قانون کو ملک کا قانون بنانے اور ایک خاندان کی خواہش کو پورے ملک کی خواہش قرار دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہندوستانی جمہوریت کی جڑیں اتنی مضبوط ہیں کہ کانگریس نے ایمرجنسی نافذ کرکے بھی دیکھ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں رہتے ہوئے کانگریس نے ملک میں 90 سے زیادہ مرتبہ عوام کے ذریعے منتخب حکومتوں کو برطرف کیا۔ لیکن ہر بار ملک کے عوام نے جمہوریت کی آواز بلند کرکے کانگریس کو جواب دیا اور اسے سزا دی۔ اس کے باوجود کانگریس نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔
نتن نوین نے کہا کہ جمہوریت محفوظ ہاتھوں میں ہے اور عوام کو وزیر اعظم نریندر مودی پر اعتماد ہے، کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ اس ملک کی مٹی کا لال اور ملک کا بیٹا، وزیر اعظم مودی، 140 کروڑ عوام کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی 140 کروڑ ہم وطنوں کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ