ذہنی اور نشوونمائی معذوری کے حامل افراد کو خودکفیل بنانے کے لیے ہینکل انڈیا کا نیا ہنرمندی مرکز قائم
ذہنی اور نشوونمائی معذوری کے حامل افراد کو خودکفیل بنانے کے لیے ہینکل انڈیا کا نیا ہنرمندی مرکز قائم ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ ذہنی اور نشو و نما سے متعلق معذوری کے حامل افراد کو عملی تربیت فراہم کرکے انہیں خودکفیل بنانے کے مقصد سے ہینکل انڈیا نے
Henkel India Opens Skill Development Centre


ذہنی اور نشوونمائی معذوری کے حامل افراد کو خودکفیل بنانے کے لیے ہینکل انڈیا کا نیا ہنرمندی مرکز قائم

ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ ذہنی اور نشو و نما سے متعلق معذوری کے حامل افراد کو عملی تربیت فراہم کرکے انہیں خودکفیل بنانے کے مقصد سے ہینکل انڈیا نے مارونجی میں واقع نوکشتیج ادارے میں ایک نئے ہنرمندی ترقیاتی مرکز کا افتتاح کیا ہے۔ کمپنی نے یہ اقدام اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت شمولیتی ترقی اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے کیا ہے۔ مرکز میں 10 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی پر مبنی اسٹیم تعلیم کے ساتھ روزمرہ زندگی میں کام آنے والی مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔ یہاں شمسی توانائی کی سہولت بھی قائم کی گئی ہے۔

نئے مرکز میں مختلف مشینیں اور آلات فراہم کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے تربیت حاصل کرنے والے افراد عملی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔ انہیں پلیٹیں، کافور اور اگربتیاں بنانے کے علاوہ واشنگ مشین استعمال کرنے، کپڑے دھونے اور استری کرنے کی تربیت دی جائے گی۔ مختلف سانچوں کے ذریعے مٹی کے دیے اور برتن تیار کرنا بھی سکھایا جائے گا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد محض کوئی ہنر سکھانا نہیں بلکہ شرکاء میں خوداعتمادی پیدا کرنا، روزمرہ کام انجام دینے کی صلاحیت بڑھانا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

کمپنی کے مطابق روایتی اسکولی تعلیم مکمل ہونے کے بعد بھی خصوصی ضروریات کے حامل افراد کے لیے مسلسل تعلیم اور ہنرمندی کے مواقع ضروری ہیں۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز میں منظم تربیتی پروگرام اور عملی مشقوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس سے شرکاء کو مفید مہارتیں حاصل کرنے، پیداواری سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سماجی زندگی میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ یہ اقدام نوکشتیج اور ہینکل انڈیا کی شراکت سے انجام دیا جارہا ہے۔

اس موقع پر ہینکل ایڈہیسو ٹیکنالوجیز کے آئی ایم ای اے خطے میں پروڈکٹ ڈیولپمنٹ، جنرل مینوفیکچرنگ اور مینٹیننس کے سربراہ نیلیش آر اڈکر نے کہا کہ ہر شخص کو سیکھنے، ترقی کرنے اور معاشرے میں بامعنی حصہ ڈالنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوکشتیج کے تعاون سے قائم یہ مرکز شرکاء میں ہنر، اعتماد اور خودانحصاری پیدا کرے گا اور انہیں اپنی صلاحیتیں دریافت کرنے، نئے مواقع حاصل کرنے اور بہتر زندگی گزارنے میں مدد دے گا۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستھان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande