
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے ملازمین اور پنشن یافتگان کو دیوالی کا تحفہ دیتے ہوئے مہنگائی بھتے (ڈی اے) اور مہنگائی ریلیف (ڈی آر) میں 3 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اضافہ رواں سال یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز مرکزی کابینہ نے اس تجویز کو منظوری دی۔
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے نیشنل میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اضافے سے 48.54 لاکھ مرکزی سرکاری ملازمین اور 68.71 لاکھ پنشن یافتگان مستفید ہوں گے۔ اس فیصلے سے سرکاری خزانے پر سالانہ 10,016.10 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ویشنو نے کہا، ’’وزیر اعظم کی جانب سے 48 لاکھ مرکزی سرکاری ملازمین اور 68 لاکھ پنشن یافتگان کے لیے یہ دیوالی کا تحفہ ہے۔ اس کے تحت مہنگائی بھتے (ڈی اے) اور مہنگائی ریلیف (ڈی آر) میں اضافہ کیا گیا ہے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی