
وجے واڑہ ، 28 اکتوبر (ہ س)۔ سمندری طوفان ’ارنب‘کے آج صبح ریاست کے یانم-کاکیناڈا علاقے کے قریب ساحل سے ٹکرانے کا عمل شروع ہو گیا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، ساحل سے ٹکرانے کا یہ عمل تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ طوفان باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان، یانم کے جنوب میں ساحل عبور کر رہا ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ تیز جھکڑوں کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہی ہے۔ تیز ہواو¿ں کے باعث طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کا عمل پہلے کے اندازے سے جلد شروع ہو گیا۔
آندھرا پردیش کے شمالی اضلاع میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہو رہی ہے۔ وشاکھاپٹنم میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے، درخت گرنے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسکول بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ کئی ٹرینیں اور پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ انڈیگو اور ایئر انڈیا نے وجے واڑہ اور وشاکھاپٹنم آنے جانے والی پروازوں کے متاثر ہونے کے بارے میں مسافروں کو خبردار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے بتایا کہ ریاست میں ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اب تک 84 ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں طوفان سے متاثرہ افراد کو پناہ دینے کے لیے 2,199 مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے اور انخلا کے منصوبے تیار ہیں۔ 2,360 حاملہ خواتین کو طبی مراکز میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی 12 اور ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف) کی 10 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
آئی ایم ڈی نے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفان کے گزرنے کے بعد بھی کچھ وقت تک بارش اور تیز ہوائیں جاری رہ سکتی ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
اڈیشہ میں بھی 16 اضلاع کے اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی مہم جاری ہے۔ آئی ایم ڈی نے آندھرا پردیش، اڈیشہ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ میں شدید سے انتہائی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد