
اورومیا،27اکتوبر(ہ س)۔ افریقی ملک ایتھوپیا کے علاقے اورومیا میں آرتھوڈوکس عیسائیوں کی آبادیوں اور گرجا گھروں پر مسلح حملوں کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد ہلاک اور 20 سے زیادہ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ایتھوپیا کے آرتھوڈوکس چرچ کے مطابق، گزشتہ ہفتے پیش آنے والے ان حملوں کے دوران کم از کم 20 مکانات کو بھی آگ لگا دی گئی۔
چرچ نے ان حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی عقیدے کی بنیاد پر شہریوں کو نشانہ بنانا زندگی کے بنیادی آئینی حق اور مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ چرچ نے اس واقعے کو شہریوں کی سلامتی اور مذہبی آزادی کے حوالے سے ایک سنگین معاملہ قرار دیا ہے۔
حملوں کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے، تاہم مقامی حکام نے ان واقعات کا الزام حال ہی میں قائم ہونے والے باغی اتحاد ’الائنس فار سروائیول‘ پر عائد کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اتحاد میں ’اورومو لبریشن آرمی‘ بھی شامل ہے۔حملوں کے پس منظر اور ان میں ملوث افراد کے بارے میں صورت حال تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔ واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان نے علاقے میں شہریوں کی سلامتی اور مذہبی آزادی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan