
تھینی (تمل ناڈو)، 27 اکتوبر (ہ س)۔ تمل ناڈو کے تھینی ضلع کی ایک سب جیل سے پیر کی دیر رات جیل ملازمین پر مبینہ طور پرحملہ کرنے کے بعد 17 قیدی فرار ہو گئے۔ پڑوسی اضلاع میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ پولیس نے چار قیدیوں کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ باقی قیدیوں کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ اطلاع جنوبی زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجیندر بدری نے دی۔
جنوبی زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس بدری کے مطابق، تمام 17 قیدیوں کو ایک ہی بیرک میں رکھا گیا تھا۔ جیل ملازمین کو اطلاع ملی تھی کہ ایک قیدی کی طبیعت خراب ہے۔ اس کے بعد جب ملازمین بیرک میں پہنچے تو قیدیوں نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کر دیا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔ بدری نے بتایا کہ قیدیوں نے اپنے منصوبے کے تحت ’’مرگی کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ کیا تھا۔‘‘
اس مبینہ حملے میں تھینی ضلع جیل میں تعینات ایک پولیس اہلکار تھنگاپانڈی کے سر پر چوٹ آئی ہے۔ انہیں جی ولاکو میں واقع سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جیل کے دو دیگر ملازمین کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ڈنڈیگل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس جے کمار نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ضلع میں 16 مقامات پر جانچ چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ ڈنڈیگل-تھینی شاہراہ پر بھی گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ مدورئی، ڈنڈیگل اور اڈوکی کی پولیس کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ فرار قیدیوں کی شناخت اور انہیں پکڑنے میں مدد کے لیے ان کی تصاویر متعلقہ افسران کے درمیان تقسیم کی گئی ہیں۔ اس معاملے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد