
جموں, 27 اکتوبر (ہ س): لداخ انتظامیہ نے سول سروسز بورڈ کے ڈھانچے میں تبدیلی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کی جگہ چیف سکریٹری کو شامل کیا ہے، جبکہ پرنسپل سکریٹری کی جگہ کمشنر سکریٹری کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ تبدیلی فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے۔
لداخ کے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق، اس سلسلے میں 13 اگست 2024 کو جاری کیے گئے سابقہ حکم نامے میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں سول سروسز بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ تاہم، بورڈ کے کام کاج سے متعلق قواعد و ضوابط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
سول سروسز بورڈ انتظامی افسران کے تبادلوں، تعیناتیوں اور ملازمت سے متعلق معاملات پر سفارشات پیش کرتا ہے۔ اس کے دائرہ اختیار میں آل انڈیا سروسز کے افسران کے علاوہ جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس اور فاریسٹ سروس کے افسران، جموں و کشمیر سے ڈیپوٹیشن پر آئے افسران اور غیر انتظامی خدمات سے تعلق رکھنے والے محکموں کے سربراہان بھی شامل ہیں۔
ترمیم شدہ ڈھانچے کے تحت چیف سکریٹری بورڈ میں پہلے اور کمشنر،سکریٹری دوسرے نمبر پر ہوں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ داخلہ، محکمہ جنگلات، ماحولیات و ایکولوجی کے نمائندے بھی بورڈ میں شامل ہوں گے، جبکہ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کے انتظامی سکریٹری کو رکن سکریٹری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں سے متعلق سفارشات پیش کرتے وقت ان کی مقررہ کم از کم مدتِ تعیناتی کو مدنظر رکھنا ہوگا۔
اگر کسی افسر کا مقررہ مدت پوری ہونے سے پہلے تبادلہ کرنے کی سفارش کی جاتی ہے تو اس کی وجوہات کا جائزہ لینے کے ساتھ انہیں تحریری طور پر درج کرنا ضروری ہوگا۔لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر بورڈ کی سفارشات پر حتمی فیصلہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ وہ بورڈ کی سفارشات سے ہٹ کر بھی فیصلہ لے سکتے ہیں، تاہم ایسی صورت میں فیصلے کی وجوہات تحریری طور پر درج کرنا لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ سول سروسز بورڈ کی تشکیل سپریم کورٹ کے 31 اکتوبر 2013 کے ٹی ایس آر سبرامنیم بنام یونین آف انڈیا مقدمے میں دیے گئے فیصلے کے مطابق کی گئی تھی۔ عدالت نے مرکز، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایسے بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی تاکہ افسران کے تبادلوں اور ملازمت سے متعلق فیصلوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر