
تل ابیب (اسرائیل)، 27 اکتوبر (ہ س)۔ اسرائیل میں آج عام انتخابات کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہوگئی۔ ووٹر رات 10 بجے تک اپنے ووٹ ڈال سکیں گے۔ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے اور اس کے بعد غزہ، ایران، لبنان، شام اور یمن میں ہونے والی لڑائیوں کے بعد یہ پہلا انتخاب ہے۔ انتخابات میں وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا براہ راست مقابلہ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے سابق سربراہ گادی آئزنکوٹ سے مانا جا رہا ہے۔ انتخابی سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 120 نشستوں والی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملے گی۔ نیتن یاہو انتخاب جیتتے ہیں یا ہارتے ہیں، اس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل میں عام انتخابات سے ٹھیک پہلے کچھ لوگوں نے تبدیلی کا مطالبہ کیا، جبکہ کچھ نے بنیامین نیتن یاہو کے اقتدار میں برقرار رہنے کی حمایت کی۔ غزہ میں فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ قیادت کی تبدیلی سے قبضے کے زیر اثر ان کی زندگی میں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ اسرائیلی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق، کنیسٹ میں 120 نشستیں ہیں اور اکثریت حاصل کرنے کے لیے 61 نشستیں درکار ہیں۔ ملک میں متناسب نمائندگی کا نظام رائج ہے، جس کے تحت سیاسی جماعتوں کو حاصل ہونے والے ووٹوں کے تناسب سے نشستیں ملتی ہیں۔ اسی وجہ سے اسرائیل میں اتحادی حکومتیں بھی بنتی رہی ہیں۔ اگر کوئی اتحاد 61 نشستوں تک نہیں پہنچتا تو اقلیتی حکومت بھی تشکیل دی جا سکتی ہے۔ اگر حکومت نہ بن پائے تو دوبارہ انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔ اس وقت تک نیتن یاہو نگراں وزیر اعظم کے طور پر عہدے پر برقرار رہیں گے۔
نیتن یاہو گزشتہ 25 سال سے اسرائیلی سیاست میں سرگرم ہیں۔ اس وقت وہ ملک کی تاریخ کی سب سے شدت پسند یہودی کی حکومت کی قیادت کر رہے ہیں۔ اقتدار میں برقرار رہنے کے لیے وہ دیگر شدت پسند رہنماؤں کی حمایت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ رہنما مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے اور غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ نیتن یاہو کو سب سے سخت چیلنج گادی آئزنکوٹ کی جانب سے ہے۔
گادی آئزنکوٹ اسرائیلی فوج کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ’’یشار پارٹی‘‘ قائم کی تھی اور یہ پارٹی پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ غزہ جنگ کے ابتدائی مہینوں میں ان کے فوجی افسر بیٹے کی موت ہوگئی تھی۔ آئزنکوٹ نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کا بھی حصہ تھے، لیکن جنگ سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر اختلافات کے باعث انہوں نے 2024 میں استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی انتخابی مہم میں 7 اکتوبر کے واقعات میں ہونے والی ناکامی کی جواب دہی طے کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ان کے علاوہ بھی کئی اہم رہنما انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور ایویگڈور لائبرمین شامل ہیں۔ دونوں کا شمار شدت پسند یہودی سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد