کابینہ میں جگہ نہ ملنے کے بعد فاروق عبداللہ نے مبارک گل کو نیشنل کانفرنس کا جنرل سکریٹری مقرر کر دیا
کابینہ میں جگہ نہ ملنے کے بعد فاروق عبداللہ نے مبارک گل کو نیشنل کانفرنس کا جنرل سکریٹری مقرر کر دیا سری نگر، 27 اکتوبر (ہ س) نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے سینئر لیڈر مبارک گل کو پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب
GUL-NEW-NC-GENERAL-SECRETARY


کابینہ میں جگہ نہ ملنے کے بعد فاروق عبداللہ نے مبارک گل کو نیشنل کانفرنس کا جنرل سکریٹری مقرر کر دیا

سری نگر، 27 اکتوبر (ہ س) نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے سینئر لیڈر مبارک گل کو پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق وہ خانیار کے ایم ایل اے علی محمد ساگر کی جگہ لیں گے، جنہیں آج ہی عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت میں وزیر کی حیثیت سے کابینہ میں شامل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، گل کی جانب سے جموں و کشمیر کابینہ کی توسیع میں نظر انداز کیے جانے پر ناراضگی کے اظہار کے فوراً بعد ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کر دیا۔

گل نے اس سے قبل حلف برداری کی تقریب سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کابینہ میں جگہ نہ ملنے پر اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا: ’’میں اب تک تقریباً 20 حلف برداری کی تقریبوں میں گیا ہوں۔ میں ہر بار ڈراپ تھا اور آج بھی سمجھ لو کہ ڈراپ ہی ہوں۔‘‘ پارٹی کے مطابق مبارک گل نے آج ہی پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، سابق جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور دیگر لیڈروں کی موجودگی میں اپنا نیا عہدہ سنبھالا۔ اس سلسلے میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کی۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور پارٹی کے نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گل کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کارکنوں اور عہدیداروں سے برابر رابطہ رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھائیں گے۔ یہ پیش رفت اس دن ہوئی ہے جب سری نگر کے لوک بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں نیشنل کانفرنس کے چار ارکان اسمبلی، علی محمد ساگر، شمیمہ فردوس، میر سیف اللہ اور الطاف احمد وانی عرف الطاف کلو، نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت میں وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ گل کی تقرری کابینہ میں جگہ نہ پانے والے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ردعمل کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ


 rajesh pande