مغربی-وسطی خلیج بنگال میں انتہائی شدید سمندری طوفان ، آندھرا پردیش اور اڈیشہ سمیت کئی ریاستوں میں الرٹ
۔ 60 سے زائد ٹرینیں منسوخ
علامتی تصویر


نئی دہلی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ سمندری طوفان ’ارنب‘ مغربی-وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ یہ فی الحال وشاکھاپٹنم سے تقریباً 300 کلومیٹر دور واقع ہے۔ طوفان کے کل صبح یانم کے قریب آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق محکمہ نے پورے آندھرا پردیش میں آج اور کل موسلادھار بارش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس دوران 125 سے 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، طوفان کے آج شام تک مغرب-شمال-مغرب کی سمت میں مسلسل آگے بڑھتے رہنے کا زیادہ امکان ہے۔ اس کے بعد ارنب کے شمال مغرب کی سمت مڑنے کی پیشین گوئی ہے۔ یہ طوفان کل باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان یانم کے نزدیک آندھرا پردیش اور یانم کے ساحلوں کو عبور کر سکتا ہے۔ اس دوران طوفان کے انتہائی شدید زمرے میں برقرار رہنے کا اندازہ ہے۔

اس سمندری طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہوا کی زیادہ سے زیادہ مسلسل رفتار 125-115 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔ وہیں تیز جھونکوں کے ساتھ ہواوں کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ نے آندھرا پردیش اور اس سے متصل جنوبی اڈیشہ کے ساحلی علاقوں کے لیے سمندری طوفان کے سلسلے میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

اڈیشہ حکومت نے طوفان کے پیشِ نظر ریاست کے چھ اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں گنجام، گجپتی، رائے گڑا، ملکان گیری، کورا پٹ اور نبرنگ پور شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تیاریوں کی نگرانی کے لیے 8 وزرا کو ذمہ داری سونپی ہے۔ حساس علاقوں میں این ڈی آر ایف، اڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس، فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ اور پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اڈیشہ میں فائر سروسز کی 225 ٹیموں اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے دستوں کو حساس اضلاع میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

اڈیشہ حکومت نے پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ حکومت نے واضح ہدایت دی ہے کہ سمندری طوفان کے سلسلے میں صرف آئی ایم ڈی، اسپیشل ریلیف کمشنر اور مجاز ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری معلومات ہی نشر کی جائیں۔ کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ پیشین گوئی، فرضی ٹریک ماڈل یا خوف و ہراس پھیلانے والی خبروں کو نشر نہ کیا جائے۔

گنجام ضلع انتظامیہ نے سمندری طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر آج سے 29 اکتوبر تک تمام آنگن واڑی مراکز میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ بچوں اور حاملہ خواتین کی غذائیت کے لیے گھر گھر خشک راشن پہنچانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ریاستی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ساحلی راستوں پر محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے رہنمائی خطوط جاری کیے ہیں۔ اس طوفان کا اثر محض ساحلی ریاستوں تک محدود رہنے کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ نے مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ اور مشرقی اتر پردیش سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے بھی بعض علاقوں میں شدید بارش کے آثار ہیں۔ دوسری طرف سمندری طوفان کے طاقتور ہونے کے بعد تمل ناڈو اور پڈوچیری کی نو بندرگاہوں پر بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سمندری طوفان کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر 4 نومبر تک ریلوے نے تقریباً 60 سے زیادہ ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں اور دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت میں تبدیلیاں کی ہیں۔ آج اور کل 53 ٹرینیں منسوخ رہیں گی۔ ریلوے کی فہرست کے مطابق، راجمندری سے وجے واڑہ کے درمیان چلنے والی ٹرین نمبر 67261 کو 27 اور 28 اکتوبر کو منسوخ کیا گیا ہے۔ وجے واڑہ سے مچھلی پٹنم کے درمیان چلنے والی ٹرین نمبر 67263 اور 67265 بھی دونوں دن منسوخ رہیں گی۔

مچھلی پٹنم سے وجے واڑہ جانے والی ٹرین نمبر 67264 اور 67256 کو بھی 27 اور 28 اکتوبر کو منسوخ کیا گیا ہے۔ مچھلی پٹنم اور گوڈی واڑا کے درمیان چلنے والی ٹرین نمبر 67271، 67272، 67252، 67253، 67254 اور 67255 بھی دونوں دن نہیں چلیں گی۔ ساتھ ہی کاکیناڈا پورٹ سے وشاکھاپٹنم جانے والی ٹرین نمبر 17267 اور وشاکھاپٹنم سے کاکیناڈا پورٹ آنے والی ٹرین نمبر 17268 کو 27 اور 28 اکتوبر کے لیے منسوخ کیا گیا ہے۔ پاروتی پورم سے وشاکھاپٹنم کے درمیان چلنے والی ٹرین نمبر 07267 اور واپسی کی ٹرین نمبر 07268 بھی دونوں دن منسوخ رہیں گی۔

آج وجے واڑہ سے نرساراو پیٹ/نرساراپور جانے والی ٹرین نمبر 67258، 17269 اور 67257 نہیں چلے گی۔ نرساراپور سے راجمندری جانے والی ٹرین نمبر 67246، نرساراپور سے بھیماورم جنکشن جانے والی ٹرین نمبر 17264 اور وجے واڑہ سے کاکیناڈا پورٹ جانے والی ٹرین نمبر 17257 بھی نہیں چلیں گی۔ اس کے علاوہ وجے واڑہ سے راجمندری کی ٹرین نمبر 67202، وجے واڑہ سے مچھلی پٹنم کی ٹرین نمبر 67267، نرساراپور سے گنٹور جنکشن کی ٹرین نمبر 67247 اور نرساراپور سے وجے واڑہ کی ٹرین نمبر 67276 کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔

کل وجے واڑہ سے بھیماورم جنکشن جانے والی ٹرین نمبر 67275 اور 67281، بھیماورم سے ندا داوولو جنکشن جانے والی ٹرین نمبر 67277 اور 67283 نیز واپسی کی ٹرین نمبر 67278 اور 67284 نہیں چلیں گی۔ وجے واڑہ سے گنٹور جنکشن جانے والی ٹرین نمبر 67229، گنٹور سے ریپلے کی ٹرین نمبر 67223، ریپلے سے تینالی کی ٹرین نمبر 67224 اور تینالی سے وجے واڑہ جانے والی ٹرین نمبر 67222 کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نرساراپور سے وجے واڑہ جانے والی ٹرین نمبر 17270 اور کاکیناڈا پورٹ سے وجے واڑہ جانے والی ٹرین نمبر 17258 بھی 28 اکتوبر کو نہیں چلیں گی۔

سمندری طوفان کے پیشِ نظر متعدد ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ بھوبنیشور سے جگدل پور جانے والی ہیرا کھنڈ ایکسپریس (18447) آج سے 30 اکتوبر تک رائے گڑھ پر شارٹ ٹرمینیٹ ہوگی۔ اس کی واپسی سروس جگدل پور-بھوبنیشور ہیرا کھنڈ ایکسپریس (18448)، 28 اکتوبر سے 31 اکتوبر کے درمیان کورا پٹ کے بجائے رائے گڑھ سے شروع ہوگی۔ ساوتھ کوسٹ ریلوے نے چوبیسوں گھنٹے فعال کنٹرول روم اور اسٹیشن ہیلپ ڈیسک قائم کیے ہیں، جہاں ریفنڈ، خوراک، بیک اپ پاور اور طبی امداد کا انتظام ہے۔ ریلوے نے زونل اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹروں میں 24 گھنٹے کام کرنے والے وار روم بنائے ہیں۔

ریلوے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی ٹرین کی تازہ ترین صورت حال کی معلومات ضرور حاصل کریں۔ ریلوے نے مسافروں کو سرکاری انکوائری ذرائع سے معلومات لینے کا مشورہ دیا ہے اور اسی کے مطابق سفر کا منصوبہ بنانے کو کہا ہے۔ ریلوے نے ٹرین خدمات منسوخ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو پیش آنے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande