وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، ریاست میں 12 لاکھ دیہی مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، ریاست میں 12 لاکھ دیہی مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت پٹنہ، 27 اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے منگل کے روز لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں ’بہار گتی‘ کے تحت ریاست میں 10
وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، ریاست میں 12 لاکھ دیہی مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت


وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، ریاست میں 12 لاکھ دیہی مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت

پٹنہ، 27 اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے منگل کے روز لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں ’بہار گتی‘ کے تحت ریاست میں 100 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت والے ترقیاتی منصوبوں اور مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے افسران کو زیر التوا کاموں میں تیزی لانے اور مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت 12 لاکھ مکانات کی تعمیر کا ہدف جلد حاصل کرنے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔

جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے پٹنہ کے راجندر نگر میں واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سائنس سٹی کی مختلف گیلریوں میں نمائشوں کی تعمیر کا کام 2028 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ریاست میں سائنسی سوچ، اختراعات اور سائنس کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے طلبہ اور عام لوگوں کو سائنس سے متعلق جدید سہولیات میسر ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ نے قومی شاہراہ نمبر 119 ڈی کے تحت آمس-دربھنگہ روٹ کے پیکیج-1 میں 55 کلومیٹر طویل آمس-شیورام پور سڑک کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو اس منصوبے کو 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ بہار آبی ذخائر کی بحالی اور گاد کے انتظام سے متعلق پالیسی کے تحت نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ساتھ ضروری معاہدے کی کارروائی آگے بڑھانے کو کہا، تاکہ متعلقہ کاموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے۔

پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مکانات کے سروے میں تیزی لانے اور موصول ہونے والے اعتراضات کا شفاف اور مقررہ مدت کے اندر تصفیہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اہل خاندانوں کو اسکیم کا فائدہ ملنے میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی 12 لاکھ مکانات کی تعمیر کا ہدف جلد پورا کرنے اور سیلاب متاثرین کو ترجیحی فہرست میں شامل کرنے پر زور دیا۔

پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے خاص طور پر انتہائی کمزور قبائلی گروہوں کے اہل خاندانوں کو پکے مکانات فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے خاندانوں کی شناخت کرکے انہیں متعلقہ سرکاری اسکیموں سے جوڑا جائے، تاکہ انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ واس استھل کریا سہایتا یوجنا کے تحت اہل مستحقین کو مکان تعمیر کرنے کے لیے زمین فراہم کرنے کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اضلاع کے انچارج سکریٹریوں کو ہدایت دی کہ سرکاری زمین کی دستیابی کا آنچل وار جائزہ لیا جائے اور مستحقین کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ دیہی آواس یوجنا پر باقاعدگی سے نظر رکھنے اور اہل خاندانوں کو مقررہ ضابطوں کے مطابق فائدہ پہنچانے کی ہدایت بھی دی گئی۔

میٹنگ کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے اور فلاحی اسکیموں کا فائدہ سماج کے آخری طبقے تک پہنچانے کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ باقاعدہ جائزے کے ذریعے زیر التوا کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے اور اسکیموں کے نفاذ میں کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande