
جموں، 27 اکتوبر(ہ س)۔
باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی(بی جی ایس بی یو) راجوری کے غیرتدریسی ملازمین نے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، ترقیوں کی پالیسی مرتب کرنے اوردیگردیرینہ مطالبات کی تکمیل کے لیے ہڑتال شروع کرتے ہوئے یونیورسٹی کیمپس میں دھرنا دیا۔یونیورسٹی بچاؤ، ہمارا روزگاربچاؤ‘کے نعرے کے تحت احتجاج کرنے والے ملازمین نے الزام لگایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اپنے مسائل انتظامیہ کے سامنے اٹھا رہے ہیں، لیکن ان کے مطالبات پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ بار بار متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود مسائل حل نہ ہونے پر انہیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔
ملازمین نے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی میں اکثرتاخیرہوتی ہے اوربعض اوقات کئی ماہ تک تنخواہیں جاری نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے زیرالتوا مہنگائی الاؤنس (ڈی اے)، مکان کرایہ الاؤنس (ایچ آر اے) اوربچوں کے الاؤنس کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا۔
احتجاجی ملازمین نے کیریئرایڈوانسمنٹ اسکیم (سی اے ایس) کے تحت زیرالتوا معاملات کو نمٹانے، ترقیوں کے احکامات جاری کرنے اور دیگر واجب الادا مالی و سروس سے متعلق مراعات فراہم کرنے پربھی زوردیا۔
ان کا مزید الزام تھا کہ ایس آر او 333 پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، جبکہ مناسب ترقیاتی پالیسی نہ ہونے کے باعث ملازمین کو پیشہ ورانہ ترقی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ ملازمین نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے تمام زیر التوا مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے انہیں راحت فراہم کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد اصغر