
لندن،26اکتوبر(ہ س)۔ برطانیہ میں طوفان ’بوئیلو‘ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ تیز ہواؤں اور درخت گرنے کے واقعات میں دو افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 80 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے باعث پروازوں، ریل خدمات اور فیری آپریشن متاثر ہوئے، جب کہ متعدد سڑکیں بند ہونے سے آمدورفت میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق، اسکاٹ لینڈ کے علاقے ڈمفریز کے قریب درخت گرنے سے تقریباً 60 سالہ شخص کی موت ہوئی، جبکہ شمالی لندن میں ایک گاڑی پر درخت گرنے سے 20 سال کے قریب عمر کے ایک شخص نے جان گنوا دی۔ اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایبرفیلڈی میں درخت گرنے کے ایک اور واقعے میں دو خواتین کو اسپتال لے جایا گیا۔
طوفان کے دوران بعض علاقوں میں ہوا کی رفتار 84 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ شدید ہواؤں نے بجلی کی فراہمی کے نظام کو نقصان پہنچایا۔ رپورٹس کے مطابق، طوفان ’آسٹن‘ اور ’بوئیلو‘ کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 8 لاکھ 38 ہزار گھروں کی بجلی متاثر ہوئی، جبکہ اتوار کی شام تک تقریباً 90 ہزار گھر بجلی سے محروم تھے۔
طوفان کے نتیجے میں اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے کئی علاقوں میں ٹرانسپورٹ نظام بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد سڑکوں پر درخت اور بجلی کی تاریں گرنے سے راستے بند ہوگئے، جبکہ ریل خدمات میں تاخیر اور بعض روٹس پر بندش کی اطلاعات سامنے آئیں۔ خراب موسم کے باعث کچھ پروازیں منسوخ کی گئیں یا ان کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔ فیری خدمات بھی متاثر ہوئیں۔
حکام اور امدادی ٹیمیں بجلی کی فراہمی بحال کرنے اور طوفان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوئی، جس کے پیش نظر لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ہنگامی خدمات کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پیر کو موسم میں کچھ بہتری کے بعد منگل سے دوبارہ تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ اس لیے متاثرہ علاقوں میں مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan