
فیروزآباد، 26 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے فیروزآباد ضلع میں تھانہ نصیرپور کے علاقے چھٹن پور گاؤں میں اتوار کی دیر رات ٹیشو- جھنجھیا کی شادی کے بعد وسرجن کے لیے جا رہے دیہی باشندوں کو تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں دو نوعمر لڑکیوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ تقریباً آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
دیہی باشندوں کے مطابق، شرد پورنیما کے موقع پر چھٹن پور گاؤں میں ٹیشو جھنجھیا کی شادی کے بعد دیر رات گاوں کی لڑکیاں سڑک کنارے واقع کنویں میں ٹیشو جھنجھیا کی مورتیوں کا وسرجن کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے سڑک کنارے کھڑی لڑکیوں اور دیہی باشندوں کو کچل دیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور کار لے کر موقع سے فرار ہو گیا۔
دیہی باسندوں نے کار کا پیچھا کیا اور اسے گھیر کر روکنے کی کوشش کی، تو ڈرائیور نے دوبارہ لوگوں کو ٹکر مار دی۔ اس کے بعد وہ پھر کار لے کر بھاگنے لگا۔ تاہم دیہی باشندوںنے گھیراؤ کر کے کار روک لی اور اس میں سوار چار افراد کو پکڑ لیا۔ مشتعل دیہی باشندوں نے اس کی پٹائی بھی کی۔ اس حادثے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے آکانکشا (15)، انجلی (15)، دپیکا (19) اور ہریش عرف سونو (25) کو مردہ قرار دے دیا۔ حادثے میں تقریباً آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں چندرویر، اوما شنکر، دھیرج، سونو، مینک، پوجا، موہنی اور سمن سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
کار میں دہلی کے رہنے والے عرفان، غفران، دیویش اور جگدیش سوار تھے۔ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ سنتوش کمار شرما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آدتیہ لانگھے سمیت دیگر انتظامی اور پولیس افسران نے جائے حادثہ اور اسپتال پہنچ کر متاثرہ خاندانوں کو مدد اور زخمیوں کے مناسب علاج کی یقین دہانی کرائی۔
ضلع مجسٹریٹ کے مطابق، حادثے میں چار افراد کی موت ہوگئی ہے اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ متوفین کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ حادثے میں دو بالغ افراد اور دو بچوں سمیت مجموعی طور پر چار افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد