
امیٹھی، 26 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع امیٹھی میں پیش آئے ایک شدید سڑک حادثے میں ماں اور بیٹے کی موت ہوگئی، جبکہ موٹر سائیکل چلا رہا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اتوار کی دیر رات انہونا تھانہ علاقے میں راجا فتّے پور جانے والی سڑک پر دو سڑکا موڑ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور ان کے بچے کو ایک نامعلوم گاڑی نے زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کے فوراً بعد وہاں موجود راہ گیروں اور مقامی لوگوں نے ڈائل 112 پر اطلاع دی اور 108 ایمبولینس کے ذریعے تینوں زخمیوں کو سنگھ پور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا۔ وہاں ڈاکٹروں نے خاتون مالتی دیوی (35) اور ان کے چار سالہ بیٹے برات کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ ان کے شوہر وکاس شدید زخمی ہیں۔
وکاس کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد سنگھ پور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سے میڈیکل کالج، تلوئی منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ یہ تینوں رشتہ داری سے اپنے گھر واپس جارہے تھے، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
انہونا تھانے کے انچارج وویک کمار سنگھ نے پیر کو بتایا کہ دیر رات پیش آئے حادثے میں مالتی دیوی اور ان کے بیٹے کی موت ہوگئی، جبکہ ان کے شوہر وکاس زخمی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی۔ ماں بیٹے کی لاشوں کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔متوفی کا تعلق پڑوسی ضلع بارہ بنکی کے سبیہا تھانہ علاقے کے سرائے گوپی گاو¿ں سے تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد