
پرتاپ گڑھ، 25 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں نگر کوتوالی علاقے کے تحت ڈاکٹر سونے لال پٹیل ریاستی میڈیکل کالج (پورے کیشو رائے) کے ہاسٹل میں اتوار کی صبح ایم بی بی ایس کے ایک طالب علم کی لاش مشتبہ حالت میں ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر اہل خانہ کو اطلاع دی۔ اس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ واقعے کی خبر ملتے ہی میڈیکل کالج انتظامیہ اور طلبہ میں ہلچل مچ گئی۔
متوفی کی شناخت متھیلیش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ متھیلیش ایم بی بی ایس کے پہلے سال میں ناکام ہو گیا تھا، تاہم اس نے 2025تا2026 کے تعلیمی سیشن میں دوبارہ پہلے سال میں داخلہ لیا تھا۔ وہ کیشو رائے میں واقع سونے لال میڈیکل کالج کے ہاسٹل کی پہلی منزل پر کمرہ نمبر 211 میں رہتا تھا۔
اطلاع ملنے پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) آلوک کمار موقع پر پہنچے اور طالب علم کے کمرے کی تلاشی لی۔ پولیس نے کمرے سے موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا ہے۔ کمرے سے کوئی خودکشی کا نوٹ نہیں ملا۔ متھیلیش کے ساتھ کمرے میں اجیت اور دیپک سونکر نام کے دو دیگر طالب علم بھی رہتے تھے۔ پولیس ان دونوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
رات کو دوستوں کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد سویا تھا طالب علم
ساتھی طلبہ کے مطابق، متھیلیش ہفتے کی رات تقریباً نو بجے اکیلے چائے پینے کے لیے کالج سے باہر گیا تھا۔ واپس آنے پر وہ بالکل ٹھیک تھا۔ اس کے بعد اس نے ہاسٹل کی میس میں کھانا کھایا اور اپنے کمرے میں واپس آ گیا۔ طلبہ نے بتایا کہ سبھی نے کافی دیر تک بات چیت کی اور پھر سو گئے۔ اس کے بعد رات میں کیا ہوا، اس بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں ہے۔
پولیس ہاسٹل اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی جانچ کر رہی ہے۔
اے ایس پی ایسٹ آلوک کمار نے بتایا کہ طالب علم کی موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجی گئی ہے۔ فارنسک ٹیم ہاسٹل کے آس پاس کے علاقوں اور واقعے سے جڑے دیگر پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کر رہی ہے۔ پولیس تمام ممکنہ زاویوں سے معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی