
بھونیشور میں آر بی آئی کے ڈیٹا سینٹر اور سائبر سکیورٹی تربیتی ادارے کا افتتاح
بھونیشور، 25 اکتوبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بھونیشور میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ڈیٹا سینٹر اور سائبر سکیورٹی تربیتی ادارے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ دونوں سہولیات ملک کے بینکنگ نظام کو زیادہ محفوظ، مو¿ثر اور قابلِ اعتماد بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی ہندوستان، ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے ایک مضبوط ترقیاتی انجن بن رہا ہے اور اوڈیشہ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی اپنی معیشت کو مستحکم کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اوڈیشہ میں معدنیات پر مبنی صنعتوں کی توسیع کے ساتھ سیمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس کا نیا ایکو سسٹم تیار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ریاست میں ڈیٹا سینٹر اور جدید کمپیوٹنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جن سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع کھلیں گے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اوڈیشہ ”کانوں سے مائیکرو چِپس تک“ ترقی کی ایک نئی داستان رقم کرے گا۔
اس موقع پر اوڈیشہ کے گورنر برج موہن رام، وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، مرکزی وزیر جوئل اوراو¿ں، آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا اور نائب وزرائے اعلیٰ پربھاتی پریڈا اور کنک وردھن سنگھ دیو سمیت بینکنگ اور مالیاتی شعبے کی کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔
ترقی کے ثمرات آخری شخص تک پہنچانا اچھی حکمرانی کا مقصد
وزیر اعظم نے کہا کہ بھونیشور میں آر بی آئی کی ان نئی سہولیات کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں حکمرانی کا طریقہ کار تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ حکومت کی ترجیح ترقی کے دائرے کو وسیع کرنا اور اس کے فوائد سماج کے آخری فرد تک پہنچانا ہے۔
ڈیجیٹل بینکنگ نے ملک کے بینکنگ نظام کو بدل دیا
وزیر اعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں تک غریبوں اور متوسط طبقے کو بینکنگ سہولیات سے محروم رہنا پڑا۔ بینکوں کے قومیانے کے باوجود 2014 تک ملک کی نصف سے زیادہ آبادی بینکنگ نظام سے باہر تھی۔ غریبوں، چھوٹے کسانوں، بے زمین خاندانوں اور خواتین کے لیے بینک سے قرض حاصل کرنا مشکل تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا کے نئے نظام نے بینکنگ خدمات کو ملک کے ہر شہری تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے لوگ چوبیس گھنٹے بینکنگ خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پہلے فون بینکنگ سے چند مخصوص خاندانوں کو فائدہ پہنچتا تھا، لیکن آج ڈیجیٹل بینکنگ نے ملک کے ہر خاندان کے لیے مواقع بڑھا دیے ہیں۔
سائبر جرائم سے بینکنگ نظام کا تحفظ ضروری
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں ان لوگوں تک بینکنگ خدمات پہنچانے پر توجہ دی گئی، جو اب تک ان سہولیات سے محروم تھے۔ آنے والی دہائی میں بینکنگ نظام کو مزید مو¿ثر اور قابلِ اعتماد بنانے کی ضرورت ہوگی۔ اس سلسلے میں بھونیشور کا نیا ڈیٹا سینٹر اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ آج جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں لڑی جاتیں، بلکہ کسی ملک کی معیشت پر حملہ کرکے بھی اسے کمزور کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کی اقتصادی طاقت میں اضافے کے ساتھ بینکنگ نظام کو سائبر جرائم پیشہ افراد اور سائبر دہشت گردوں سے محفوظ رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے اوڈیشہ کے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ان کے بڑے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت پ±رعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کان کنی سے لے کر مائیکرو چِپ کی تیاری تک ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے آر بی آئی اور ان منصوبوں سے وابستہ تمام افراد کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ نئی سہولیات ہندوستان کے بینکنگ نظام کو محفوظ، مضبوط اور مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ