


پی ای ٹی امتحان -ایگزام سینٹر میں داخل ہونے سے پہلے اتروائی گئیں لاکٹ، کنگن اور بالیاں
فرخ آباد، 25 اکتوبر (ہ س)۔
ضلع میں پی ای ٹی امتحان کے 22 مراکز بنائے گئے ہیں۔ اتوارکے روزدوشفٹوں میں امتحان شروع ہوگیا۔ پہلی شفٹ میں صبح 10.00 بجے سے امتحان شروع ہوا۔ ایسے میں مراکزپرپہنچنے والے امیدواروں کو صبح 8 بجے سے ہی داخلہ دیا گیا۔ داخلے کے وقت میٹل ڈیٹیکٹرسے تین سطحوں پرتلاشی لی گئی۔ وہیں خاتون امیدواروں کے کنگن، کانوں کی بالیاں اورکلپ وغیرہ اتروائے گئے۔ اس کے بعد انہیں مراکز میں داخل ہونے دیا گیا۔
فرخ آباد میں 22 مراکز پر امتحان دینے کے لیے اعظم گڑھ اور ہردوئی سے مرد امیدوار آئے ہیں، تو قنوج، اٹاوہ اور مین پوری سے خاتون امیدوار پہنچی ہیں۔ امیدوار بڑی تعداد میں دیر رات سے ہی ضلع میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ صبح 7.00 بجے سے ہی وہ مراکز کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ 8 بجے سے جامع تلاشی کے بعد مراکزپرانہیں داخلہ دیا گیا۔ کرسچن انٹرکالج میں تین سطحوں پرامیدواروں کی میٹل ڈیٹیکٹر سے جانچ کی جارہی تھی۔ یہاں مرد امیدواروں کے جوتے بھی اتروائے گئے۔ باریکی سے جانچ کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت دی گئی جہاں بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ یہاں سی او سٹی ابھے ورما انتظامات کا جائزہ لینے پہنچے۔ بدری وشال ڈگری کالج میں بھی سخت تلاشی کے بعد امیدواروں کو داخلہ دیا گیا۔ این اے کے پی ڈگری کالج میں جانچ کے بعد امیدواروں کو اندر بھیجا جا رہا تھا۔ یہاں خواتین اور مرد امیدواروں کی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ یہاں خاتون امیدواروں کے کانوں کی بالیاں، کنگن، کلپ، کلائی میں بندھا دھاگہ نیز مرد و خاتون امیدواروں کے پہنے ہوئے لاکٹ بھی اتروائے گئے۔ اس کے بعد انہیں مراکز میں داخل ہونے دیا گیا۔ وہیں چشمہ لگائے امیدواروں کے چشمے اتار کر دیکھے جا رہے تھے۔ قنوج کے چھبرامئو سے آئی خاتون امیدوار انجلی کے کنگن اتروائے گئے، قنوج سے آئی آرتی کی بالیاں اتروائی گئیں۔ واضح رہے کہ ایک شفٹ میں 8000 سے زائد امیدوار مراکز پر امتحان دے رہے ہیں۔ امتحان صبح 10.00 بجے شروع ہو کر 12.00 بجے تک چلے گا، جبکہ دوسری شفٹ میں دوپہر بعد 3 بجے سے شام 5 بجے تک امتحان ہوگا۔
امتحان کو پرامن طریقے سے مکمل کرانے کے لیے پولیس لائن میں بھی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ وہاں سے بھی ہر مرکز کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ وہیں مرکز کے 100 میٹر کے دائرے میں آنے والی آس پاس کی دکانیں بھی بند ہیں۔ مراکز پر اسٹیٹک مجسٹریٹ کے علاوہ سیکٹر مجسٹریٹ بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
وہیں ضلع دیوریا میں اتوار کو ابتدائی اہلیتی امتحان (پی ای ٹی)-2026 شروع ہو گیا۔ امتحان کے لیے ضلع میں 19 مراکز بنائے گئے ہیں۔ دونوں شفٹوں کو ملا کر کل 16,800 امیدوار امتحان میں شامل ہوں گے۔ پہلی شفٹ میں 8400 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
پہلی شفٹ کا امتحان صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک منعقد ہوگا۔ وہیں دوسری شفٹ کا امتحان دوپہر بعد تین بجے سے شام پانچ بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو امتحان شروع ہونے سے قبل مرکز پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
امتحان کے دوران مراکز پر نظم و ضبط برقرار رکھنے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکنے کے لیے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا مقصد امتحان کو غیر جانبدارانہ، منظم اور نقل سے پاک طریقے سے پایۂ تکمیل تک پہنچانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن