
نئی دہلی، 25 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ اور امدادِ باہمی امت شاہ نے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں نیز آسام، میزورم اور منی پور پولیس فورس کے مشترکہ کامیاب آپریشن کی ستائش کی اور سخت پیغام دیا کہ بین الاقوامی سرحدوں کا فائدہ اٹھا کر ہندوستان کی نوجوان نسل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی گروہ کو بخشا نہیں جائے گا۔
امت شاہ نے آج ایکس پر لکھا، ”مرکز کی مودی حکومت نے منشیات اور غیر قانونی نیٹ ورک کے خلاف اپنی ’قطعی برداشت نہ کرنے‘ کی پالیسی کے تحت ’آپریشن ٹرائیڈنٹ‘ چلا کر بین الاقوامی نارکو کارٹیل (اسمگلر گروہ) کو زوردار دھچکا دیا ہے۔ 23 اکتوبر کو مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں اور ریاستی پولیس فورسز کی مشترکہ مہم میں آسام، میزورم اور منی پور کے 38 مختلف ٹھکانوں پر بیک وقت تابڑ توڑ چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی میں اسمگلر گروہ کا پورا نیٹ ورک تباہ کر دیا گیا ہے۔ ’آپریشن ٹرائیڈنٹ‘ کے دوران تفتیشی ایجنسیوں کے ہاتھ کئی چونکا دینے والے شواہد لگے ہیں۔ تقریباً 100 کروڑ روپے کے حوالہ لین دین کی معلومات سامنے آئی ہیں۔ نیٹ ورک سے جڑے 1,424 بینک کھاتوں کو فوری طور پر منجمد کر دیا گیا ہے، جبکہ 17.82 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ضبط کیے گئے ہیں۔ چھاپے ماری کے دوران 500 ڈیٹونیٹر اور 12 لاکھ روپے کی نقدی برآمد کی گئی ہے۔ اس معاملے میں ملوث 18 اہم ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔“
تفتیشی حکام کے مطابق یہ بین الاقوامی نارکو سنڈیکیٹ ’ڈیتھ ٹرائینگل کوریڈور‘ کا استعمال کر کے ہندوستان، میانمار اور بنگلہ دیش کی بین الاقوامی سرحدوں کے ذریعے منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کو انجام دے رہا تھا۔ یہ مربوط کارروائی 31 دسمبر 2029 تک ملک سے منشیات کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے حکومتِ ہند کے پختہ عزم کا حصہ ہے۔ حکومت کا واضح پیغام ہے کہ جب تک نارکو کارٹیل کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، تب تک اس طرح کے سخت وار جاری رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن