
جموں, 24 اکتوبر (ہ س): جموں پولیس نے سینک کالونی کے سیکٹر ڈی میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تقریباً 500 گرام مشتبہ گانجا نما مادہ برآمد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق پولیس پوسٹ سینک کالونی کی ایک ٹیم سینک پبلک اسکول کے بالمقابل دشہرہ گراؤنڈ کے نزدیک معمول کے گشت پر تھی، اسی دوران تین مشتبہ افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران مذکورہ مادہ برآمد ہوا۔
گرفتار افراد کی شناخت ایشار علی سکنہ مغربی بنگال، اجے اہروار اور منوج بنسل،سکنہ ضلع چھترپور، مدھیہ پردیش، کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں فی الحال سینک کالونی میں مقیم ہیں۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چنی ہمت میں ایف آئی آر نمبر 276/2026 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 20، 25، 27 اور 29 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے برآمد شدہ مادہ ضبط کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اس کے ماخذ اور مبینہ سپلائی نیٹ ورک کا پتہ لگایا جاسکے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات فروشی یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات پولیس کو فراہم کریں۔ پولیس کے مطابق اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر