شمالی ریلوے کی جانب سے ٹرین کی آمدو رفت کو محفوظ بنانے اور اعتماد میں اضافے کے لئے صلاحیت سازی پروگرام
نئی دہلی، 24 اکتوبر (ہ س)۔ شمالی ریلوے کے الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ نے ٹرینوں کے محفوظ اور معتبر آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے ٹریکشن پاور کنٹرولرز (ٹی پی سی) کا صلاحیت سازی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ملازمین کی تکنیکی مہارت، آپریشنل صلاحیت
شمالی ریلوے کے الیکٹرک ٹریننگ سینٹر میں ٹریکشن پاور کنٹرولرز کے صلاحیت سازی کے پروگرام کے دوران تربیت حاصل کرتے ملازمین


نئی دہلی، 24 اکتوبر (ہ س)۔ شمالی ریلوے کے الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ نے ٹرینوں کے محفوظ اور معتبر آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے ٹریکشن پاور کنٹرولرز (ٹی پی سی) کا صلاحیت سازی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ملازمین کی تکنیکی مہارت، آپریشنل صلاحیت اور تحفظ سے متعلق کارکردگی کو مستحکم کرنا ہے۔ اس کے تحت پہلا تین روزہ تربیتی سیشن 12 سے 14 اکتوبر تک منعقد کیا گیا۔ نومبر کے اختتام تک چھ مرحلوں میں شمالی ریلوے کے تمام چھ ڈویژنوں کے ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔

شمالی ریلوے کے رابطہ عامہ کے اعلی افسر (سی پی آر او) ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے بتایا کہ پہلے تربیتی سیشن میں شمالی ریلوے کے جموں، فیروز پور، انبالہ، دہلی، مراد آباد اور لکھنو ڈویژنوں کے 14 ملازمین نے حصہ لیا۔ تربیت کا اہتمام غازی آباد میں واقع الیکٹرک ٹریننگ سینٹر میں کیا گیا۔ تربیت کے پہلے دن ٹی پی سی کی ذمہ داریوں، اسکاڈا (ایس سی اے ڈی اے) نظام، ٹریکشن سب اسٹیشن کے حفاظتی انتظامات اور فیلڈ عملے نیز کنٹرول سینٹر کے ساتھ تال میل سے متعلق موضوعات کی جانکاری دی گئی۔

مزید برآں، دہلی ڈویژن کے اسکاڈا اور آر سی سی مراکز کے ساتھ ساتھ چانکیہ پوری میں واقع 25 کے وی ٹریکشن سب اسٹیشن کا فیلڈ وزٹ بھی کرایا گیا۔ ٹریکشن پاور کنٹرولرز الیکٹرک ٹریکشن نظام کے تحت 25 کے وی بجلی کی سپلائی کی نگرانی اور کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ فیلڈ عملے اور آپریشنل کنٹرول سینٹر کے ساتھ تال میل قائم کرنے کے علاوہ بجلی کی سپلائی متاثر ہونے کی صورت حال سے نمٹنے کا کام بھی کرتے ہیں۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگرام میں کلاس روم تدریس، سیمولیٹر پر عملی مشق اور فیلڈ ٹریننگ کو شامل کیا گیا ہے۔

وہیں، دوسرے دن اسکاڈا ٹریننگ سیمولیٹر پر عملی مشق کرائی گئی، جس میں شرکاء نے معمول کے آپریشنل حالات اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی مشق کی۔

تیسرے دن چانکیہ پوری میں واقع ٹریکشن سب اسٹیشن میں آلات کے آپریشن اور حفاظتی انتظامات کی معلومات فراہم کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی معلومات کا جائزہ لیا گیا، ان سے فیڈ بیک حاصل کیا گیا اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پہل سے ملازمین کی تکنیکی مہارت اور استعدادِ کار میں اضافہ کرنے، مختلف یونٹوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے نیز الیکٹرک ٹریکشن پر چلنے والی ٹرینوں کے محفوظ اور معتبر آپریشن کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande