
جموں, 24 اکتوبر (ہ س): جموں ڈویژن میں دو الگ الگ مقامات سے مشتبہ غبارہ اور کبوتر برآمد ہونے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں چوکس ہو گئی ہیں۔ جموں کے گھو منہاسا علاقے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) لکھا ہوا جہاز نما غبارہ ملا، جبکہ سانبہ ضلع کے سرحدی گاؤں ماوا میں ایک کبوتر برآمد ہوا، جس کے پاؤں میں کوڈ نمبر درج چھلا بندھا ہوا تھا۔ کبوتر کے ساتھ پاکستانی کرنسی اور اردو میں لکھا ایک نوٹ بھی ملنے کی اطلاع ہے۔
اطلاعات کے مطابق، گھو منہاسا کے مہاویر بستی علاقے میں ایک نجی بینکوئٹ ہال کے قریب مقامی باشندے نے غبارہ دیکھا اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور غبارے کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ غبارہ کہاں سے آیا اور اس پر درج تحریر کی کیا اہمیت ہے۔
ادھر سانبہ ضلع کے سرحدی گاؤں ماوا میں کالی ماتا مندر کے قریب ایک مشتبہ کبوتر ملا۔ کبوتر کے پاؤں میں بندھے پلاسٹک کے چھلے پر 03341214150 کا کوڈ درج تھا۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی، جس کے بعد پولیس نے کبوتر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق، کبوتر کے ساتھ پاکستانی کرنسی اور اردو میں تحریر کردہ ایک نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے خفیہ ایجنسیوں کو بھی مطلع کر دیا ہے تاکہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جا سکیں۔
دونوں واقعات میں برآمد ہونے والی اشیاء کی اصل نوعیت اور ان کے ماخذ کے بارے میں ابھی حتمی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں ان واقعات کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر