
جموں, 24 اکتوبر (ہ س): جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے تحصیل گندوہ میں تعینات گرداور محمد اقبال کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثے جمع کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔اے سی بی کے مطابق، محمد اقبال ولد مرحوم غلام قادر سکنہ گوئل بار النی، گنگوٹہ کے خلاف ایف آئی آر نمبر 03/2026 کے تحت انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1988 کی متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بیورو کی جانب سے کی گئی تصدیق کے دوران مبینہ طور پر انکشاف ہوا کہ مذکورہ ملازم نے اپنے اور اہلِ خانہ کے نام پر متعدد منقولہ و غیر منقولہ اثاثے جمع کر رکھے ہیں۔
ان میں چار تجارتی عمارتیں، دو رہائشی عمارتیں، ڈوڈہ اور جموں میں دو پلاٹ، ایک گاڑی، قیمتی گھریلو سامان اور بینک کھاتے شامل ہیں۔اے سی بی کے مطابق، ابتدائی جانچ میں ان اثاثوں کی مالیت ملزم کی آمدنی کے معلوم جائز ذرائع سے غیر متناسب پائی گئی، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔بیورو نے مزید بتایا کہ متعلقہ عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں ضلع ڈوڈہ اور جموں میں واقع ملزم کی رہائشی و تجارتی عمارتوں اور دفتر کی تلاشی لی گئی۔معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر