بی جے پی نے جھارکھنڈ بنایا، اب اسے سنوارنے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے: نتن نوین
رانچی، 24 اکتوبر (ہ س):۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے کہا کہ جس جھارکھنڈ ریاست کی تشکیل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کی تھی، اب اسے سنوارنے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی نے جھارکھنڈ کی تعمیر کی ہے اور اب اسے ترقی کی راہ پر
بی جے پی نے جھارکھنڈ بنایا، اب اسے سنوارنے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے: نتن نوین


رانچی، 24 اکتوبر (ہ س):۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے کہا کہ جس جھارکھنڈ ریاست کی تشکیل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کی تھی، اب اسے سنوارنے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی نے جھارکھنڈ کی تعمیر کی ہے اور اب اسے ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کی ذمہ داری بھی بی جے پی ہی نبھائے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ تنظیم کو زمینی سطح پر مضبوط کریں اور ریاست میں پارٹی کی حکومت قائم کرنے کے ہدف کے ساتھ کام کریں۔

نتن نوین ہفتے کے روز رانچی کے سکورہوٹو واقع حویلی بینکوئٹ ہال میں منعقدہ بی جے پی کی دو روزہ ریاستی عاملہ کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے جھارکھنڈ سے اپنے قریبی تعلقات، ریاست کی تشکیل کی تاریخ، تنظیم کے سیاسی امکانات، مرکزی حکومت کی کامیابیوں اور ریاست کی اتحادی حکومت کے کام کاج پر تفصیلی خیالات کا اظہار کیا۔

بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے، لیکن کانگریس اور راہل گاندھی اس ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس ملک میں بدامنی پھیلانے اور آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

نتن نوین نے دعویٰ کیا کہ ان کوششوں کو ملک کے اندر اور باہر بعض عناصر کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے باوجود ملک کے عوام کا اعتماد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت پر برقرار ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ نئے جوش اور توانائی کے ساتھ عوام کے درمیان جائیں اور مرکزی حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو سماج کے آخری فرد تک پہنچائیں۔

نتن نوین نے کہا کہ جھارکھنڈ میں بی جے پی کے سامنے وسیع سیاسی امکانات موجود ہیں۔ ان امکانات کو انتخابی کامیابی میں تبدیل کرنے کے لیے کارکنوں کو دوگنے جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی اسکیموں اور پارٹی کی پالیسیوں کو گھر گھر پہنچا کر عوامی حمایت میں اضافہ کرنے اور ریاست میں بی جے پی کی حکومت قائم کرنے کا ہدف حاصل کرنے کی اپیل کی۔

بی جے پی کے قومی صدر نے جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی پالیسی اور نیت، دونوں میں کھوٹ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھرتی کے عمل سے متعلق مسلسل سامنے آنے والے تنازعات اور مبینہ بے ضابطگیوں نے نوجوانوں کے مستقبل پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ریاست کے نوجوان طویل عرصے سے روزگار اور تقرریوں کی امید میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ جب طلبہ اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر اترتے ہیں تو حکومت ان کے مسائل حل کرنے کے معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande