تمل ناڈو میں شدید بارش کے باعث تین اضلاع میں اسکول اور کالج بند، ماہی گیروں کےلئے وارننگ جاری
چنئی، 23 اکتوبر(ہ س)۔ تمل ناڈو میں شمال مشرقی مانسون کے فعال ہونے کے ساتھ ہی کئی اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چنئی اور تروولور سمیت متعدد علاقوں میں مسلسل بارش ہورہی ہے، جبکہ ترووناملائی، ولوپورم اور کلاکورچی اضلاع میں بھی جمعرات سے جاری
تمل ناڈو میں شدید بارش کے باعث تین اضلاع میں اسکول اور کالج بند، ماہی گیروں کےلئے وارننگ جاری


چنئی، 23 اکتوبر(ہ س)۔

تمل ناڈو میں شمال مشرقی مانسون کے فعال ہونے کے ساتھ ہی کئی اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چنئی اور تروولور سمیت متعدد علاقوں میں مسلسل بارش ہورہی ہے، جبکہ ترووناملائی، ولوپورم اور کلاکورچی اضلاع میں بھی جمعرات سے جاری تیز بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

مسلسل بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تینوں اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ اضلاع کے کلکٹروں نے اس سلسلے میں احکامات جاری کردیے ہیں۔انتظامیہ کے حکم کے مطابق، ولوپورم اور کلاکورچی اضلاع میں سرکاری اور نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہیں ترووناملائی ضلع میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ کالجوں کو بھی بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث لوگوں کے روزمرہ کام کاج پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ موسمی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے امکان کے پیش نظر ماہی گیروں کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔

موسمی انتباہ کے مطابق، 23 سے 26 اکتوبر کے دوران تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں، خلیجِ منار اور بحیرہ کماری میں 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ بعض مقامات پر ہوا کی رفتار بڑھ کر 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ 24 سے 26 اکتوبر کے دوران کیرالہ اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں، لکشدیپ اور اس سے متصل مالدیپ کے سمندری علاقوں میں بھی 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں بھی ہوا کی رفتار وقفے وقفے سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔انتظامیہ نے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ انتباہ کی مدت کے دوران متعلقہ سمندری علاقوں میں مچھلی پکڑنے کے لیے نہ جائیں۔ تیز ہواؤں اور سمندر میں خراب حالات پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر ماہی گیروں سے حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

تمل ناڈو میں مسلسل بارش کے درمیان لوگوں کو محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande