
کاٹھمنڈو، 22 اکتوبر (ہ س)۔ نیپال میں تکنیکی سلامتی سے متعلق خطرات کے پیشِ نظر جمعرات کو بیشتر سرکاری ویب سائٹس عارضی طور پر بند رہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ سلامتی کو یقینی بنانے اور ضروری جانچ مکمل ہونے کے بعد نظام کو مرحلہ وار دوبارہ فعال کیا جائے گا۔
سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ تکنیکی نظام میں سلامتی سے متعلق سنگین خامیاں سامنے آئی ہیں، جن سے دنیا بھر میں پی ایچ پی پر مبنی نظام متاثر ہوئے ہیں۔
مرکز نے کہا، ’’ان حفاظتی خامیوں کی وجہ سے حملہ آور بغیر لاگ اِن کیے ہی سرور پر کوڈ چلا سکتے ہیں۔ ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر بعض سرکاری ویب سائٹس اور نظام کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔‘‘
مرکز کے مطابق، درگا پوجا کی تعطیلات کے دوران بھی سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اینڈ آپریشن سینٹر اور متعلقہ تکنیکی ٹیمیں سلامتی کے خطرات پر قابو پانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔
مرکز نے مزید بتایا کہ سلامتی کے تمام ضروری تقاضے پورے ہونے اور لازمی جانچ مکمل ہونے کے بعد ویب سائٹس اور نظام کو مرحلہ وار دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی