نیپال میں ایک ہفتے سے زائد عرصے تک بارش کا امکان، کسانوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کا مشورہ
کاٹھمنڈو، 22 اکتوبر (ہ س)۔ نیپال کے کئی علاقوں میں آئندہ ہفتے سے بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خلیجِ بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ماہرِ موسمیات ڈاکٹر ونود پوکھریل کے مطابق، موسم کی پیش گوئی کرنے والے مختلف ماڈ
موسم


کاٹھمنڈو، 22 اکتوبر (ہ س)۔ نیپال کے کئی علاقوں میں آئندہ ہفتے سے بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خلیجِ بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ماہرِ موسمیات ڈاکٹر ونود پوکھریل کے مطابق، موسم کی پیش گوئی کرنے والے مختلف ماڈل آئندہ منگل سے ایک ہفتے سے زائد عرصے تک بارش کے امکانات ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے موسم کی پیش گوئی کرنے والے چار ماڈلوں کے اوسط تخمینے پر مبنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

ان کے مطابق، مختلف ماڈل بارش کے ممکنہ مقامات اور اس کی مقدار کے بارے میں الگ الگ اندازے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے میں فی الحال یہ یقینی طور پر بتانا مشکل ہے کہ کس علاقے میں کتنی بارش ہوگی۔ آنے والے دنوں میں موسم کی پیش گوئی میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔ بارش کے امکان کے پیش نظر انہوں نے دھان کی کٹائی کی تیاری کرنے والے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی منصوبہ بندی کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے منگل سے دھان کی کٹائی کا ارادہ رکھنے والے کسان، اگر ممکن ہو تو اس سے پہلے ہی فصل کاٹ کر محفوظ طریقے سے گھر لے آئیں۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو بارش رکنے کے بعد ہی کٹائی کی تیاری کریں۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ اس لیے کسانوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

اسی طرح، ہمالیائی علاقوں میں موسم کی خرابی کے باعث خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر سیاحت اور ٹریکنگ کے لیے جانے والے افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سفر کا منصوبہ بنانے والوں کو چاہیے کہ وہ موسم کی تازہ پیش گوئی اور سرکاری اطلاعات کی بنیاد پر ہی اپنے پروگرام طے کریں۔

فی الحال موسم کی پیش گوئی میں تبدیلی کا امکان برقرار ہے۔ ایسے میں کسانوں، مسافروں اور متعلقہ علاقوں کے شہریوں کو ممکنہ بارش کے اثرات سے بچنے کے لیے موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande