
مالدہ، 22 اکتوبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کے ضلع مالدہ کے انگلش بازار تھانہ علاقے کے تحت رام کیلی میں دسہرے کے دن شام کو بی جے پی کارکن سمیر گھوش (27) کے قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ حملہ آور گھر میں گھس آئے اور ان پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا، جس کے بعد انہیں گولی بھی ماری گئی۔ اس واقعے میں کئی دیگر افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، جن کا مالدہ میڈیکل کالج و اسپتال میں علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق، بدھ کی رات واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور خون میں لت پت سمیر کو اسپتال لے گئی، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
مقتول کے بھائی وویک گھوش نے الزام لگایا کہ سمیر بی جے پی کے سرگرم کارکن تھے اور اسی وجہ سے انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ وویک کے مطابق، سیاسی اختلافات کے باعث ان کے بھائی اور مقامی ترنمول کانگریس رہنماؤں کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔
الزام ہے کہ دسہرے کی شام سمیر گھر میں اکیلے تھے۔ اسی دوران کچھ لوگ گھر میں داخل ہوئے اور ان پر تیز دھار ہتھیار سے کئی وار کیے۔ مزید الزام ہے کہ ان کی موت کو یقینی بنانے کے لیے حملہ آوروں نے دو گولیاں بھی ماریں۔
اس معاملے میں مقامی ترنمول رہنما شترو گھوش اور ان کے حامیوں پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم، ترنمول کانگریس کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی