
جموں, 22 اکتوبر (ہ س): لداخ کے سابق ایگزیکٹیو کونسلر کونچوک اسٹانزن نے مشرقی لداخ کے چانگ تھانگ خطے میں واقع نیوما اور دربوک علاقوں کو رعایتی ہیلی کاپٹر سروس میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس پر لداخ کے چیف سکریٹری آشیش کندرا نے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کونچوک اسٹانزن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور چیف سکریٹری سے اپیل کی کہ چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے قریب واقع ان دونوں علاقوں کے باشندوں کو بھی ہیلی کاپٹر سروس کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو بھی فضائی رابطے کی یکساں سہولیات ملنی چاہئیں۔
چیف سکریٹری آشیش کندرا نے اس مطالبے کے جواب میں کہا کہ وہ اس سلسلے میں حل تلاش کریں گے۔
واضح رہے کہ لداخ انتظامیہ نے 30 ستمبر کو رعایتی ہیلی کاپٹر سروس دوبارہ شروع کی تھی، جس کا مقصد سخت سردیوں کے دوران دور دراز علاقوں کے ساتھ رابطہ بہتر بنانا ہے۔ پون ہنس لمیٹڈ کے ذریعے چلائی جانے والی اس سروس کے تحت فی الحال لیہہ کو کرگل، پدم، لنگشید، ڈبلنگ، نیراک، ڈسکٹ اور ترتک سے جوڑا گیا ہے۔
نیوما اور دربوک مشرقی لداخ کے بلند پہاڑی سرحدی علاقے ہیں، جہاں سردیوں میں سڑک کے ذریعے آمدورفت دشوار ہو جاتی ہے۔ ایسے میں ہیلی کاپٹر سروس مقامی باشندوں کے لیے سفری سہولت کے علاوہ ہنگامی طبی ضروریات پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر