
امت شاہ نے دہلی میں جمنا کی بحالی سے متعلق 8,941 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا
نئی دہلی، 22 اکتوبر ( ہ س):۔ مرکزی وزیر داخلہ اور امدادِ باہمی کے وزیر امت شاہ نے جمعرات کو دہلی میں دریائے جمنا کی بحالی سے متعلق 8,941 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور کئی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت کو یمنوتری سے لے کر سنگم تک پوری جمنا کو صاف کرنے کا اعزاز حاصل ہونے والا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ آج یہاں جمنا کی صفائی کے لیے تقریباً 9 ہزار کروڑ روپے کے اہم منصوبوں کا افتتاح کیا گیا اور ان کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں ہماری پارٹی کی حکومت بنتے ہی ایک اہم میٹنگ طلب کی تھی اور جمنا کو صاف کرنے کا اپنا عزم دہلی حکومت اور مرکزی وزارتِ داخلہ کے سامنے رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے کم وقت میں ہم 40 فیصد سے زیادہ کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔
اس موقع پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور دہلی حکومت کے وزرا موجود تھے۔
امت شاہ نے کہا کہ گزشتہ 30 برسوں کے دوران سابقہ حکومتیں دہلی کے نالوں کا گندا پانی جمنا میں چھوڑتی رہیں اور ہر روز ڈیریوں کا تقریباً 2,000 ٹن گوبر بھی دریا میں ڈالا جاتا رہا۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب اتر پردیش اور ہریانہ میں اہم اپوزیشن جماعتوں کی اتحادی حکومتیں تھیں۔ اس دوران ہریانہ کی صنعتوں کا آلودہ پانی اور اتر پردیش سے آنے والا گندا پانی بھی جمنا میں شامل ہوتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج مرکز، دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش میں ہماری ہی پارٹی کی حکومتیں ہیں۔ ان چاروں حکومتوں نے مل کر دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش کے لیے ایک مقررہ مدت کے مطابق لائحہ عمل تیار کیا ہے، جس کے ذریعے 2029 تک جمنا کو صاف اور شفاف بنا دیا جائے گا۔
امت شاہ نے کہا کہ ہم ایک ایسی دہلی بنانا چاہتے ہیں جہاں گھر خوب صورت ہوں، پانی صاف ہو، گلیاں صاف ستھری ہوں، کچرے کے پہاڑ موجود نہ ہوں اور صاف و شفاف جمنا یہاں سے سنگم تک کے لوگوں کو اپنا آشیرواد دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اس کام کو ایک غیر متزلزل عزم کے طور پر لیا ہے اور آج اس عزم کے ایک بڑے حصے کی تکمیل ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج 10 منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے، جب کہ 33 نئے منصوبوں کا آغاز ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 8,941 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے ان منصوبوں کے ذریعے لاکھوں لیٹر پانی صاف کرکے جمنا میں چھوڑا جائے گا۔ دہلی کے کئی علاقوں سے متعلق منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے، جب کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (ایس ٹی پی) کو جدید بنانے اور نئے پلانٹس قائم کرنے کے کام کا سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غیر مرکزی ایس ٹی پی پمپنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے اور گھروں کو سیور لائنوں سے جوڑنے کا کام بھی شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیور لائنوں کی بحالی، گندے پانی کے اخراج کو روکنے اورپانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے کام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں صرف بہانے بنانے کی سیاست کرتی ہیں۔ دہلی کی سابقہ حکومتیں یہ شکایت کرتی تھیں کہ انہیں مدد نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان کے ہر الزام کا جواب ہے، لیکن یہ جواب انہیں پنجاب میں ان کی حکومت ختم ہونے کے بعد ملے گا۔ دہلی کی سابقہ حکومت نے تحریک کے نام پر اقتدار حاصل کرکے بدعنوانی کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کچرے کے پہاڑوں کے نام پر سیاست کی، جب کہ ہماری حکومت نے ان پہاڑوں کو کم کرنے کا کام کیا ہے۔ دو سال بعد ان کچرے کے پہاڑوں کی جگہ باغات ہوں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہلی کی ریکھا گپتا حکومت نے مودی حکومت کی مدد سے 2.17 کروڑ میٹرک ٹن کچرا صاف کیا ہے اور 100 ایکڑ زمین کو کچرے سے پاک کرایا ہے۔ اوکھلا اور بھلسواں میں کچرے کے پہاڑوں کی اونچائی 30 سے 40 میٹر تک کم ہو گئی ہے، جب کہ غازی پور میں یہ اونچائی 10 سے 15 میٹر تک گھٹی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومت نے جمنا کی صفائی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ ان کے مطابق، موجودہ حکومت نے سرائے کالے خاں اور آئی ٹی او کے علاقے میں اسیتا ایسٹ، بانسیرا اور واسودیو گھاٹ جیسے عالمی معیار کے منصوبے تیار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تین سالہ ایکشن پلان بنایا ہے، جس کے تحت دہلی کے ہر گھر کو سیوریج کنکشن فراہم کیا جائے گا اور ہر گھر تک صاف پینے کا پانی پہنچایا جائے گا۔
اپوزیشن کی تحریکوں کا ذکر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی ووٹ چوری کا بہانہ بنا کر دراصل دراندازوں کے ووٹ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس گزشتہ 41 برس سے گجرات اور 18 برس سے دہلی میں کوئی انتخاب نہیں جیتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت 30 سال تک رہے گی۔
راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ مجھے ہر چھ ماہ میں بیرونِ ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی حکومت کبھی نہیں بنے گی۔ ان کے مطابق، عام آدمی پارٹی نے جمنا کی صفائی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے اور مظاہروں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، بلکہ عوام کی تکلیفیں دور کرنے اور کام کرنے سے اقتدار ملتا ہے۔
امت شاہ نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت کے دور میں پنجاب میں منشیات کا کاروبار بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کیجریوال کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب بہانے نہیں، نتائج درکار ہیں۔ دہلی میں شکست کے بعد آپ نے اپنی توجہ پنجاب پر مرکوز کر دی ہے، جس سے وہاں وزیر اعلیٰ کے کام میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کا مکمل صفایا ہو جائے گا اور 2029 تک پنجاب سے منشیات کے کاروبار کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ