ٹی وی چینل دہشت گردی مخالف کارروائیوں کی لائیو کوریج سے گریز کریں، ملک مخالف مواد نشر نہ کریں: حکومت
نئی دہلی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ اطلاعات و نشریات کی وزارت نے بدھ کو نجی سیٹلائٹ ٹی وی چینلوں کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی مخالف کارروائیوں کی لائیو کوریج سے گریز کریں، اشتعال انگیز مباحثے اور ملک مخالف مواد نشر نہ کریں اور م
ٹی وی چینل دہشت گردی مخالف کارروائیوں کی لائیو کوریج سے گریز کریں، ملک مخالف مواد نشر نہ کریں: حکومت


نئی دہلی، 21 اکتوبر (ہ س)۔

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے بدھ کو نجی سیٹلائٹ ٹی وی چینلوں کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی مخالف کارروائیوں کی لائیو کوریج سے گریز کریں، اشتعال انگیز مباحثے اور ملک مخالف مواد نشر نہ کریں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ وزارت نے اپنی ایڈوائزری میں تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلوں کو پروگرام کوڈ پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ اس کی بین محکمہ جاتی کمیٹی نے پایا ہے کہ ٹی وی چینلوں پر نشر ہونے والی خبریں اور مناظر مقررہ ضابطوں کے مطابق نہیں ہیں اور ایک ہی طرح کے مناظر بار بار دکھائے جا رہے ہیں۔

حکم کے مطابق، دہشت گردی مخالف کارروائیوں کی لائیو کوریج پر مکمل پابندی رہے گی۔ آپریشن ختم ہونے تک صرف مجاز افسر کی بریفنگ ہی نشر کی جا سکے گی۔ پرانے مناظر دکھاتے وقت ان پر وقت اور تاریخ کی مہر (ٹائم اسٹیمپ) لگانا لازمی ہوگا۔

تشدد اور پریشان کن مناظر کے حوالے سے بھی چینلوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایسے مناظر کو بار بار لوپ میں دکھانے سے گریز کرنے اور ضرورت پڑنے پر انہیں دھندلا کرنے یا ان کے بعض حصوں کو چھپانے کے لیے ماسکنگ کا استعمال کرنے کو کہا گیا ہے۔

جرائم سے متعلق خبروں میں سنسنی خیز رپورٹنگ سے بچنے اور تصدیق شدہ حقائق کی بنیاد پر خبریں نشر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ٹی وی چینلوں کو خواتین اور بچوں سے متعلق جرائم کی رپورٹنگ میں خصوصی احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔

قدرتی آفات اور حادثات کی رپورٹنگ کے دوران ٹائم اسٹیمپ کا استعمال لازمی ہوگا، تاکہ ناظرین میں خوف و ہراس نہ پھیلے۔

وزارت نے تمام چینلوں کو صرف محکمہ سروے آف انڈیا کے شائع کردہ ہندوستان کے مستند نقشے استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔

لائیو مباحثوں کے حوالے سے بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے تبصروں پر روک لگانے، پینل میں شامل افراد کا احتیاط سے انتخاب کرنے اور قابلِ اعتراض تبصروں کو خاموش کرنے یا ان کے ساتھ وضاحتی نوٹ نشر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ، جنسی جرائم کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ متاثرہ شخص سے متعلق کوئی بھی معلومات، تصویر یا خاندانی تفصیلات نشر نہیں کی جا سکیں گی۔

وزارت نے اے آئی اور جنریٹیو اے آئی ٹولز کے استعمال میں بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خبروں کی درستگی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایکٹ، 1995 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande