
رانچی، 20 اکتوبر (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے منگل کو بوکارو ضلع میں زیر تعمیر کسمار-برلنگا مرکزی سڑک کا معائنہ کرکے تعمیراتی کام کی پیش رفت اور موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سڑک کے مختلف حصوں کا مشاہدہ کیا اور علاقے میں آمد و رفت کے لحاظ سے اس کی اہمیت کا جائزہ لیا۔ واپسی کے دوران وزیر اعلیٰ نے سیواتی گھاٹی کا بھی معائنہ کیا اور وہاں کی جغرافیائی صورت حال اور سڑک کا جائزہ لیا۔
کسمار-برلنگا مرکزی سڑک علاقے میں آمد و رفت کے لیے اہم ہے۔ اس کی تعمیر مکمل ہونے سے آس پاس کے گاو¿ں اور علاقوں کے لوگوں کو سفر میں سہولت ملے گی۔ اس کے علاوہ تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر ضروری خدمات تک لوگوں کی رسائی آسان ہونے کی توقع ہے۔ بہتر سڑک رابطے سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔ وزیر اعلیٰ نے معائنے کے دوران تعمیراتی کام کی پیش رفت کے ساتھ مقامی آمد و رفت کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔
مقامی دکان پر چائے اور پکوڑی کا لطف لیا
سڑک کے معائنے کے بعد وزیر اعلیٰ کسمار کے تین کونیا چوک پر واقع ایک مقامی دکان پہنچے۔ وہاں انہوں نے اپنی اہلیہ اور رکن اسمبلی کلپنا سورین کے ساتھ بیٹھ کر گرم گرم چائے اور پکوڑی کھائی۔ وزیر اعلیٰ کے اچانک مقامی دکان پر پہنچنے سے وہاں موجود لوگوں میں تجسس دیکھا گیا۔ اس دوران انہوں نے خوش گوار ماحول میں مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کا حال چال دریافت کیا۔
تین کونیا چوک پر وزیر اعلیٰ نے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے علاقے کے حالات، روزمرہ زندگی اور دستیاب عوامی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ رکن اسمبلی کلپنا سورین نے بھی لوگوں سے بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ اور رکن اسمبلی کو اپنے درمیان پاکر مقامی لوگوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ لوگوں نے ان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد