
کابل، 2 اکتوبر (ہ س)۔ افغانستان کے کنار اور ہلمند صوبوں میں پاکستانی فضائی حملوں کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ افغانستان کی طالبان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 9 شہری ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کی فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق 22 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ تاہم دونوں فریقوں کے دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
بلوچستان کے آن لائن نیوز نیٹ ورک ’دی بلوچستان پوسٹ‘ کے مطابق، افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ بدھ کی رات کیے گئے حملوں میں کنار کے شلتن ضلع کے چوگم اور ہلمند کے گرمسیر ضلع کے سفار میں تین گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان حملوں میں خواتین اور بچے بھی ہلاک ہوئے۔ مجاہد نے پاکستانی کارروائی کو جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت اطلاعات نے کہا کہ فضائی حملے قابل اعتماد خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے اور دو مقامات پر موجود دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وزارت کے مطابق، اہداف کو درستگی کے ساتھ تباہ کیا گیا اور ابتدائی اطلاعات میں 22 دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ پاکستان نے یہ بھی کہا کہ ان ٹھکانوں پر موجود ہتھیار اور گولہ بارود تباہ کر دیا گیا اور شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔
اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (یو این ایم اے) نے بھی فضائی حملوں میں شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاع دی ہے۔ مشن کے مطابق کم از کم 10 شہری ہلاک ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے تھے، جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے سرحد پار تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان طویل عرصے سے افغانستان کی طالبان حکومت پر ایسے مسلح گروہوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتا رہا ہے جو پاکستان میں حملے کرتے ہیں۔ کابل ان الزامات کو مسترد کرتا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو اس کا داخلی معاملہ قرار دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار حملوں اور فوجی کارروائیوں کے معاملے پر حالیہ مہینوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
حالیہ واقعات میں افغان وزارت دفاع نے نورستان میں پاکستان سے آنے والے ایک مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپ کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے افغانستان کے سابق سیکورٹی اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت سے متعلق الزامات کی بھی تردید کی ہے۔کنار اور ہلمند میں تازہ فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ ایک بار پھر تیز ہوگیا ہے۔ فی الحال حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اور نشانہ بنائے گئے مقامات کے حوالے سے دونوں فریقوں کے دعووں میں واضح فرق موجود ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan